امریکی سینٹرل کمانڈ کا ایران میں اب تک 9 ہزار سے زائد اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

سینٹ کام نے ایک فیکٹ شیٹ میں اس حوالے سے دعویٰ کیا ہے
شائع 24 مارچ 2026 09:31am

امریکی سینٹرل کمانڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران کے اندر جاری فوجی کارروائی کے دوران 9 ہزار سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا ہے، جن میں درجنوں بحری جہاز بھی شامل ہیں۔

سینٹکام کی جانب سے جاری کردہ فیکٹ شیٹ کے مطابق امریکی افواج نے ایران کے 140 سے زائد بحری جہازوں کو نقصان پہنچایا یا تباہ کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی گزشتہ ماہ شروع ہونے والے آپریشن کا حصہ ہے جو تاحال جاری ہے۔

امریکی فوج کے مطابق اس آپریشن میں فضائی، بحری اور زمینی صلاحیتوں کا وسیع پیمانے پر استعمال کیا گیا، جن میں اسٹریٹجک بمبار طیارے، لڑاکا جیٹ، ڈرونز اور میزائل دفاعی نظام شامل ہیں۔

واضح رہے کہ خطے میں کشیدگی میں اس وقت شدت آئی جب 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل نے ایران پر مشترکہ حملہ کیا۔

اس حملے کے نتیجے میں 1300 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے، جن میں ایران کے اُس وقت کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای بھی شامل تھے۔

اس کے ردعمل میں ایران نے اسرائیل اور خلیجی ممالک، جہاں امریکی فوجی اڈے موجود ہیں، کو نشانہ بناتے ہوئے ڈرون اور میزائل حملے کیے۔

سینٹکام کے مطابق اس جاری آپریشن کے دوران اب تک 13 امریکی فوجی ہلاک جبکہ تقریباً 200 دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔