ایران کے کلسٹر میزائلوں سے تازہ حملے، 12 اسرائیلی زخمی

اسرائیل کے جوابی حملے، اصفہان میں ایک گیس اسٹیشن پر میزائل داغے گئے
شائع 25 مارچ 2026 08:51am

ایران نے رات گئے اسرائیل پر کلسٹر میزائلوں سے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں اسرائیلی شہر بینی بارک میں 12 افراد زخمی ہوگئے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

اسرائیلی پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے تمام افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب ایران میں بھی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ توانائی تنصیبات کو نشانہ نہ بنانے کے اعلانات کے باوجود مختلف شہروں میں حملے کیے گئے۔ فارس نیوز ایجنسی کے مطابق تہران، اصفہان، تبریز اور خرج میں دھماکوں سے عمارتیں لرز اٹھیں۔

رپورٹس کے مطابق دو گیس پائپ لائنوں کو نشانہ بنایا گیا جبکہ وسطی اصفہان میں ایک گیس اسٹیشن پر میزائل داغے گئے۔ خرمشہر پاور پلانٹ کو گیس فراہم کرنے والی پائپ لائن بھی حملے کی زد میں آئی۔ تہران میں ایک عمارت کے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، جہاں ایک بچے کو زندہ نکال لیا گیا۔

امریکی فوج کے مطابق امریک سینٹرل کمانڈ کے تحت آپریشن ’اپیک فیوری‘ جاری ہے، اوریو ایس ایس ابراھاہم لنکن سے فضائی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔

سینٹ کام کا کہنا ہے کہ 28 فروری سے اب تک ایران میں 9 ہزار اہداف کو نشانہ بنایا جاچکا ہے جبکہ 140 بحری جہاز بھی تباہ کیے گئے ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے اعلان کیا ہے کہ کسی بھی ممکنہ معاہدے تک ایران اور حزب اللہ کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

دوسری جانب ایران نے بھی جوابی حملوں میں شدت پیدا کردی ہے۔ ایرانی میزائلوں اور ڈرونز سے اسرائیل کی ایلات بندرگاہ اور دیمونا کے علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ شمالی اسرائیل کے شہر حیفہ میں ایک میزائل گرنے سے ایک گھر کو نقصان پہنچا اور ایک خاتون زخمی ہوگئی۔

خلیجی خطے میں امریکی تنصیبات بھی نشانے پر آگئی ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں ایک فوجی اڈے کو نقصان پہنچا ہے۔ اماراتی وزارت دفاع کے مطابق ایرانی حملے میں اماراتی فوج کے ساتھ کام کرنے والا ایک سویلین کنٹریکٹر ہلاک جبکہ پانچ فوجی زخمی ہوگئے ہیں۔

صورتحال کے پیش نظر خطے میں کشیدگی بدستور برقرار ہے اور مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔