دہی کی اوپری پانی کی تہہ سونا ہے، اسے کبھی نہ پھینکیں

یہ دہی کے مقابلے میں زیادہ فائدہ مند اورآسانی سے ہضم ہونے والا ہے۔
شائع 26 مارچ 2026 02:12pm

اگر آپ بھی دہی استعمال کرتے وقت اس کے اوپرجمع ہونے والا پانی بیکار سمجھ کر پھینک دیتے ہیں، تو رک جائیے! ماہرین کے مطابق یہ دراصل غذائیت سے بھرپور ایک ایسا ”پاور ہاؤس“ ہے جو آپ کی ہڈیوں، پٹھوں اور معدے کے لیے حیرت انگیز فوائد رکھتا ہے۔

ماہرین غذائیت کے مطابق، یہ پانی محض دودھ کا بائی پروڈکٹ نہیں بلکہ پروبایوٹکس اور معدنیات سے بھرپور ہوتا ہے، جو اکثر دہی کے مقابلے میں زیادہ فائدہ مند اور جسم کے لیے آسانی سے ہضم ہونے والا ہوتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اگر آپ صبح دہی کے اوپر کا پانی پھینک دیتے ہیں تو آپ ایک بڑی غلطی کر رہے ہیں۔ یہ لیکویڈ سونا ہے اور صحت کے لیے انتہائی مفید ہے۔

دہی کے پانی کے تین بڑے فوائد

ہاضمہ اور جسم کو ٹھنڈا رکھنا

اس پانی میں ’پروبائیوٹکس‘ یعنی صحت مند بیکٹیریا کی بھاری مقدار پائی جاتی ہے۔ گرمی کے موسم میں یہ نہ صرف جسمانی درجہ حرارت کو کم رکھتا ہے بلکہ معدے کے نظام کو بھی بہتر بناتا ہے۔

پروٹین کا قدرتی ذریعہ

آج کل لوگ مہنگے پروٹین پاؤڈر خریدتے ہیں، جبکہ دہی کا یہ پانی خالص اور زود ہضم پروٹین کا بہترین قدرتی ذریعہ ہے۔ یہ پٹھوں کی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

ہڈیوں اور جوڑوں کی مضبوطی

یہ پانی کیلشیم اور فاسفورس سے مالا مال ہوتا ہے۔ ماہرین کے مطابق جو لوگ جوڑوں کے درد یا ’آسٹیو ارتھرائٹس‘ کا شکار ہیں، ان کے لیے یہ پانی کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔

استعمال کا طریقہ

غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس پانی کو ضائع کرنے کی بجائے چمچ سے دوبارہ دہی میں مکس کر دیں تاکہ دہی کی غذائیت برقرار رہے۔اور دہی کا ذائقہ بھی کریمی رہے۔

اس کے علاوہ اسے سموتھی یا لسی میں شامل کیا جا سکتا ہے۔اسے آٹا گوندھنے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے جس سے روٹیاں نرم اور زیادہ غذائیت والی بنتی ہیں۔

اگلی بار جب آپ دہی کھولیں، تو اس ”مائع سونے“ کی قدر کریں اور اسے اپنی خوراک کا حصہ بنائیں۔