کرکٹر عماد وسیم کی موجودہ اہلیہ کا سابقہ اہلیہ کے الزامات پر ردعمل
پاکستان کے مایہ ناز کرکٹر عماد وسیم کی نجی زندگی میں جاری تلخیاں اس وقت سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہیں، عماد وسیم کی سابقہ اہلیہ ثانیہ اشفاق اور موجودہ شریک حیات نائلہ راجہ کے درمیان سنگین الزامات اور جوابی بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔
ثانیہ اشفاق نے اپنے حالیہ بیانات میں نائلہ راجہ پر ان کا ہنستا بستتا گھر اجاڑنے کا الزام عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ جب وہ اپنے تیسرے بچے کی توقع کر رہی تھیں، عین اسی نازک وقت میں عماد وسیم اور نائلہ کے درمیان تعلقات استوار ہوئے، جس کا انجام ان کی طلاق کی صورت میں نکلا۔
ثانیہ نے مزید کہا کہ عماد وسیم نے اب تک اپنے نومولود بیٹے کی صورت تک نہیں دیکھی ہے۔
ثانیہ نے الزام عائد کیا کہ ماضی میں عماد وسیم نے ایک بار ان کا اسقاط حمل کروایا اور دوبارہ حاملہ ہونے کے دوران ان سے بے وفائی کی۔
ان سنگین الزامات کی زد میں آنے والی نائلہ راجہ نے بھی خاموشی توڑتے ہوئے اپنا موقف واضح کر دیا ہے۔
نائلہ راجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’مجھے آپ کے بچوں میں کوئی دلچسپی نہیں ہے، یہ معاملہ صرف آپ اور ان کے والد کے درمیان ہے اور میں اس پر کوئی تبصرہ کرنے والی نہیں ہوں‘۔
انہوں نے ثانیہ اشفاق سے وضاحت مانگی کہ ان کی طرف سے کب اور کہاں بچوں کے بارے میں کچھ پوچھ گیا؟
نائلہ راجہ نے ثانیہ اشفاق کو براہِ راست مشورہ دیا کہ وہ سوشل میڈیا پر ان کے خلاف محاذ گرم کرنے اور الزامات کی بوچھاڑ کرنے کے بجائے اپنی ذاتی زندگی کو بہتر بنانے پر توجہ دیں۔

نائلہ راجہ کے اس جواب نے جلتی پر تیل کا کام کیا ہے اور دونوں خواتین کے درمیان لفظی جنگ مزید شدت اختیار کر گئی ہے۔
ثانیہ اشفاق نے نائلہ کے مشورے کو مسترد کرتے ہوئے انہیں ’گھر توڑنے والی خاتون‘ قرار دیا اور سخت لہجے میں کہا کہ اگر نائلہ ان کی زندگی میں مداخلت نہ کرتیں تو وہ آج ایک پرسکون زندگی گزار رہی ہوتیں۔
انہوں نے نائلہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ دوسروں کو اخلاقیات کا درس دینے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھیں۔

یہ معاملہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔ صارفین کی ایک بڑی تعداد اس خاندانی تنازع پر منقسم نظر آتی ہے، جہاں کچھ لوگ ثانیہ کی مظلومیت کے حق میں ہیں تو کچھ نائلہ کے دفاعی موقف کو درست قرار دے رہے ہیں۔
















