غزہ میں اسرائیلی حملے، پولیس چوکیوں پر بمباری، 6 افراد جاں بحق

خان یونس میں دو چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا، جاں بحق افراد میں ایک بچی بھی شامل
شائع 29 مارچ 2026 01:36pm

غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فضائی حملے جاری ہیں، جہاں خان یونس میں پولیس چوکیوں کو نشانہ بنانے سے کم از کم 6 فلسطینی جاں بحق ہوگئے، جن میں ایک بچی بھی شامل ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں اسرائیلی طیاروں نے دو پولیس چوکیوں پر فضائی حملے کیے، جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار اور تین شہری جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق افراد میں ایک کمسن بچی بھی شامل ہے جبکہ چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ چوکیوں حماس کے زیر انتظام پولیس فورس کی تھیں۔ حملوں کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے ان حالیہ حملوں پر فوری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

مقامی صحت حکام کے مطابق نومبر میں حماس کے ساتھ جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے اب تک غزہ میں 680 سے زائد فلسطینی اسرائیلی حملوں میں جاں بحق ہو چکے ہیں۔

اکتوبر 2023 سے جاری جنگ میں مجموعی طور پر 72 ہزار سے زائد فلسطینی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیل اس وقت ایران کے خلاف امریکا کے ساتھ مل کر کارروائیاں کر رہا ہے جبکہ لبنان کے جنوبی علاقوں میں حزب اللہ کے خلاف بھی نئی مہم جاری ہے۔