بھارت کی فالس فلیگ سازش بے نقاب، پاکستانی حساس اداروں نے منصوبہ ڈی کوڈ کر دیا
پاکستانی حساس اداروں نے بھارت کی ایک فالس فلیگ آپریشن کی تیاری بے نقاب کر دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق بھارت غلطی سے بارڈر کراس کرنے والے بے گناہ پاکستانی اور چند بھارتی قیدیوں کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان مخالف پروپیگنڈہ چلانے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ اسکیم بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ اور وزیر خارجہ جے شنکر نے ترتیب دی ہے۔
ذرائع کے مطابق مصدقہ اطلاعات ہیں کہ بھارت ایک اور فالس فلیگ آپریشن کی تیاری کر رہا ہے، جس کے لیے بھارتی سیکیورٹی فورسز غلطی سے سرحد پار کرنے والے پاکستانیوں کو استعمال کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لگ بھگ سیکڑوں بے گناہ پاکستانی بشمول کشمیری بھارتی قید میں موجود ہیں، ان میں سے چند بے گناہ افراد کو بھارتی فوج مذموم مقاصد کے لیے مختلف جیلوں سے نکال کر اکٹھا کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق ان بے گناہ پاکستانیوں کے ساتھ بھارتی جیلوں میں قید چند بھارتیوں کو بھی اس گھناؤنی سازش میں استعمال کیے جانے کی اطلاعات ہیں تاکہ ڈراما بہتر بنایا جا سکے۔
ذرائع نے بتایا کہ ان بے گناہ قیدیوں کو جلد ہی فالس فلیگ آپریشن کے ذریعے گودی میڈیا اور جے شنکر پاکستان مخالف استعمال کرے گا، ممکنہ طور پر بھارت سفارتی میدان میں ہزیمت کی خفت مٹانے اور پاکستان سے توجہ ہٹانے کے لیے فرسودہ اور گھسا پٹا ڈراما رچا رہا ہے۔
بھارتی خفیہ ایجنسی را اور انتہائی دل برداشتہ وزیر خارجہ جے شنکر نے اس اسکیم کو ترتیب دیا ہے، دنیا بھارت کی ان مکاریوں، جھوٹ اور گھسے پٹے بیانیے سے پہلے ہی تنگ آچکی ہے، اب اس گھسے پٹے اور فرسودہ بیانیے کی کوئی وقعت نہیں رہی ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پلوامہ کے بعد پہلگام کو بھی ایک سال گزرنے کے باوجود بھارت ابھی تک اپنے الزامات کے شواہد سامنے نہیں لا سکا۔
بھارت ان فالس فلیگ آپریشنز کے حوالے سے دنیا کو یہ نہیں بتاسکا کہ ان میں کون سے لوگ ملوث تھے اور کہاں سے آئے تھے، بھارت کا بے گناہ پاکستانی قیدیوں کو استعمال کرکے میڈیا کے سامنے ایک اور پراپیگنڈہ بھی بری طرح ناکام ہوگا۔
















