امریکا و اسرائیل کو ہماری عسکری طاقت کا اندازہ نہیں، جنگ آخری مرحلے تک جاری رہے گی: ایران

ایران کا بڑا دعویٰ، اسٹریٹجک صلاحیتوں سے متعلق دشمن کی معلومات نامکمل قرار
شائع 02 اپريل 2026 11:35am

ایران کی فوجی قیادت نے امریکا اور اسرائیل کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایران کی حقیقی عسکری طاقت سے ناواقف ہیں اور جنگ کو دشمن کی’’حتمی شکست‘‘ تک جاری رکھا جائے گا۔

ایرانی فوج کے خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کو ایران کی عسکری صلاحیتوں کے بارے میں مکمل معلومات حاصل نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن ایران کی وسیع اور اسٹریٹجک طاقت سے پوری طرح آگاہ نہیں۔

ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ترجمان نے کہا کہ یہ نہ سمجھا جائے کہ ایران کے اسٹریٹجک میزائل مراکز، طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرونز، جدید فضائی دفاعی نظام اور الیکٹرانک وارفیئر کی صلاحیتیں تباہ کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی اسٹریٹجک عسکری پیداوار ایسے مقامات پر ہو رہی ہے جن کے بارے میں دشمن کو علم نہیں اور نہ ہی وہ وہاں تک پہنچ سکتا ہے۔ ترجمان کے مطابق اب تک جن مقامات کو نشانہ بنایا گیا وہ “غیر اہم” تھے۔

ترجمان نے مزید خبردار کیا کہ آئندہ کارروائیاں مزید سخت، وسیع اور تباہ کن ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ ایران اس جنگ کو اس وقت تک جاری رکھے گا جب تک دشمن کو مکمل اور حتمی شکست نہیں دی جاتی۔