وزیراعظم کا پٹرولیم لیوی میں 80 روپے کمی کا اعلان، پٹرول کی نئی قیمت 378 روپے مقرر

لیوی میں کمی سے پٹرول 458 سے 378 روپے لیٹر ہوجائے گا: وزیرِاعظم شہباز شریف
اپ ڈیٹ 04 اپريل 2026 12:14am

وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرولیم لیوی میں 80 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد بعد پٹرول کی نئی قیمت 378 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کے مطابق نئی قیمت کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ہفتے کی شب قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں آسمان پر پہنچ چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اس ہوشربا اضافے اور مہنگائی نے دنیا کی طاقتور ترین معیشتوں کی بھی کمر توڑ دی ہے اور پاکستان اس بحران سے بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے عوام کو مہنگائی کے طوفان سے بچانے کی بھرپور کوشش کی اور گزشتہ 3 ہفتوں کے دوران عالمی مارکیٹ میں ہونے والے اضافے کا بوجھ عوام پر نہیں ڈالا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ قومی خزانے سے 129 ارب روپے خرچ کرکے پورا کیا۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں پٹرولیم لیوی میں کمی کے مختلف شعبوں کے لیے بھی مراعات کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ گڈز اور پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں مال بردار گاڑیوں کو 100 روپے فی لیٹر سبسڈی فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے چھوٹے ٹرکوں کو ماہانہ 70 ہزار اور بڑے ٹرکوں کو 80 ہزار روپے سبسڈی دینے کا بھی اعلان کیا۔ اسی طرح پبلک ٹرانسپورٹ بسوں کو 1 لاکھ روپے ماہانہ مالی سبسڈی فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ زراعت کے شعبے کو ریلیف دینے کے لیے چھوٹے کسانوں کو 1500 روپے فی ایکڑ کے حساب سے امداد دی جائے گی جب کہ ریلوے کی اکانومی کلاس کے کرائے میں بھی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 137 روپے 23 پیسے جب کہ ڈیزل کی قیمت 184 روپے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔ جس کے بعد پٹرول کی قیمت 458 روپے 40 پیسے جب کہ ڈیزل 520 روپے 35 پیسے فی لیٹر ہوگیا تھا۔