خواتین کے لیے چہرے کے بال شیو کرنے کا درست اور محفوظ طریقہ
ماہرِ امراضِ جلد کے مطابق خواتین کے چہرے کے بال صاف کرنے کا سب سے آسان، محفوظ اور تیز طریقہ شیو کرنا ہے۔
خواتین کے لیے چہرے کے بال ایک بڑی پریشانی اور شرمندگی کا سبب بنتے ہیں۔ باریک اور ہلکے بال تو عام بات ہے، لیکن اگر بال موٹے اور گہرے رنگ کے ہوں تو یہ کسی اندرونی طبی مسئلے کی نشاندہی بھی کر سکتے ہیں۔
مثال کے طور پر، ہرسوٹزم ، پولی سسٹک اووری سنڈروم کی عام علامات میں سے ایک ہے۔ اس میں مردوں جیسے حصوں (جیسے جبڑا، ٹھوڑی اور اوپری ہونٹ) پر گھنے بال اگتے ہیں۔ یہ جسم میں مردانہ ہارمون (اینڈروجن) کی زیادتی کی وجہ سے ہوتا ہے۔
ماہرینِ جلد کے مشوروں نے روایتی طریقوں جیسے ویکسنگ اور تھریڈنگ کے مقابلے میں ’فیشل شیونگ‘ کو ایک محفوظ اور سائنسی متبادل کے طور پر متعارف کرایا ہے۔
دہلی کی معروف ڈرماٹولوجسٹ ڈاکٹر گروین وریچ نے چہرے کے بال ہٹانے کے لیے شیو کو سب سے آسان اور محفوظ ترین طریقہ قرار دیا ہے۔
ڈاکٹر گروین وریچ کے مطابق، چہرے کی شیو کرنا نہ صرف وقت کی بچت ہے بلکہ یہ جلد کے لیے سب سے کم تکلیف دہ عمل بھی ہے۔
ماہرین کے مطابق شیو صرف بال ہی نہیں ہٹاتی بلکہ جلد کی بالائی مردہ تہہ کو بھی صاف کرتی ہے۔ اسے ’فزیکل ایکسفولی ایشن‘ کہتے ہیں۔ اس سے اسکن کیئر مصنوعات جلد میں بہتر طریقے سے جذب ہوتی ہیں اور میک اپ زیادہ ہموار نظر آتا ہے۔
ایک عام خیال ہے کہ شیونگ سے خواتین کے بال بھی مردوں کی طرح سخت اور تیزی سے اگنے لگتے ہیں، ڈاکٹر گروین انہوں نےاس غلط فہمی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ شیو کرنے سے بال نہ تیزی سے بڑھتے ہیں اور نہ ہی سخت آتے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے چہرہ شیو کرنے کا درست طریقہ بھی بتایا تاکہ جلن، کٹ اورسرخی سے بچا جا سکے۔
خشک چہرے پر کبھی شیو نہ کریں
ڈاکٹر کے مطابق کبھی بھی خشک جلد پر شیو نہیں کرنی چاہیے۔ اگرچہ آپ کو لگ سکتا ہے کہ اس سے صاف شیو ملے گی، لیکن جلد پر براہِ راست بلیڈ رگڑنے سے سرخی، سوزش اور خراشیں پڑ سکتی ہیں۔
اس لیے شیو سے پہلے جیل، شیونگ فوم یا موئسچرائزر استعمال کریں تاکہ ریزر آسانی سے چلے اور جلد نرم و ملائم رہے۔ آپ ایلو ویرا بھی استعمال کر سکتی ہیں جو ٹھنڈک اور سکون فراہم کرتا ہے۔
بالوں کی نیچرل سمت میں شیو کریں
اکثر خواتین جلدی یا بہتر صفائی کے چکر میں بالوں کی مخالف سمت میں شیو کرتے ہیں، جو کہ سراسر غلط ہے۔ ڈاکٹر وریچ کے مطابق ہمیشہ بالوں کے اگنے کی سمت میں شیو کریں۔
اس سے نہ صرف جلن کم ہوتی ہے بلکہ کٹ لگنے، ریزر برن، جلد کے اندر اگنے والے بال اور دانوں کے بننے کا خطرہ بھی ختم ہو جاتا ہے۔ جو تکلیف دہ ہو سکتے ہیں اور جلد پر نشان چھوڑ سکتے ہیں۔
شیو کے دن ایکٹو اسکن کیئر سے پرہیز کریں
ماہر نے مشورہ دیا کہ شیو یا ویکس کے دن ایکٹو اجزاء والی سکن کیئر مصنوعات استعمال نہ کریں۔
جس دن آپ چہرے کے بال صاف کریں، اس دن ریٹینول یا اے ایچ اے/بی ایچ اے جیسے تیز اجزاء والی کریموں کے استعمال سے مکمل گریز کریں۔
شیو کے بعد جلد کے مسام کھل جاتے ہیں اور وہ انتہائی حساس ہو جاتی ہے، اس لیے صرف سادہ موئسچرائزر لگائیں۔ کیمیائی مصنوعات کا استعمال اگلے دن سے شروع کیا جا سکتا ہے۔ جبکہ ویکس کی صورت میں چند دن انتظار کرنا بہتر ہے۔
ضروری احتیاطی تدابیر
خواتین کو چہرے کے لیے چہرے کے لیے مردوں والے عام ریزر کی بجائے مخصوص ’فیشل ریزر‘ یا ’ٹِنکل ریزر‘ استعمال کرنا چاہیے۔ اس کا بلیڈ چھوٹا اور یک طرفہ ہوتا ہے جو خاص طور پر چہرے کی نازک جلد اور باریک بالوں کے لیے ڈیزائن کیا جاتا ہے۔
ماہرینِ جلد اکثر مشورہ دیتے ہیں کہ شیو شام یا رات کے وقت کرنی چاہیے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ شیو کے بعد جلد کو آرام کے لیے 7 سے 8 گھنٹے مل جاتے ہیں اور سورج کی روشنی یا پسینہ جلد کو فوری طور پر متاثر نہیں کرتا۔
چونکہ شیو کے بعد جلد کی نئی تہہ اوپر آتی ہے، اس لیے وہ سورج کی شعاعوں کے لیے زیادہ حساس ہو جاتی ہے۔ اگلے دن ایس پی ایف 30 یا اس سے زیادہ کا سن اسکرین لگانا لازمی ہے تاکہ پگمنٹیشن یا دھبوں سے بچا جا سکے۔
ایک ہی ریزر کو بار بار استعمال کرنا انفیکشن اور دانوں کا باعث بنتا ہے۔ ہر 3 سے 4 بار کے استعمال کے بعد ریزر تبدیل کر دینا چاہیے اور ہر استعمال کے بعد اسے الکحل سے صاف کرنا چاہیے۔
اگر آپ مہنگے بیوٹی پارلرز اور ویکسنگ کے درد سے چھٹکارا پانا چاہتی ہیں تو ان طبی اصولوں کے ساتھ فیشل شیونگ ایک جدید اور سائنسی انتخاب ہے۔
















