لاہور: خاتون کو ہراساں کرنے والا آن لائن ٹیکسی ڈرائیور گرفتار
لاہور کے علاقے سرور روڈ میں خاتون کو ہراساں کرنے اور تھپڑ مار کر فرار ہونے والے آن لائن ٹیکسی ڈرائیور کو پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک گھنٹے کے اندر گرفتار کر لیا۔
لاہور سرور روڈ پولیس نے خاتون کو ہراساں کرنے اور تشدد کا نشانہ بنانے والے آن لائن ٹیکسی ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کی مدعیت میں ملزم رضوان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
ایس پی کینٹ کے مطابق ملزم نے دورانِ سفر خاتون کو گاڑی میں ہراساں کیا، بعد ازاں اسے راستے میں اتار کر اس کے منہ پر تھپڑ مارا اور موقع سے فرار ہو گیا۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے ایس پی کینٹ کو ملزم کی فوری گرفتاری کے لیے خصوصی ٹاسک سونپا، جس پر عمل کرتے ہوئے ایس پی کینٹ کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔
ایس ایچ او سرور روڈ رانا محمد عرفان نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ایک گھنٹے کے اندر گاڑی کو ٹریس کیا، جس کے بعد پولیس نے ملزم رضوان کو گاڑی سمیت گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے جبکہ متاثرہ خاتون کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔















