پائلٹ ریسکیو مشن ناکام؛ امریکا کے دو ’سی 130‘ طیارے، 2 ’بلیک ہاک‘ ہیلی کاپٹر اور ڈرونز تباہ کردیے: ایران
ایرانی فوج نے ایران میں گمشدہ پائلٹ کی تلاش کے لیے کیے گئے ریسکیو مشن کے دوران امریکی فوج کے دو سی 130 جہاز، دو بلیک ہاک ہیلی کاپٹرز اور ڈرونز تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ امریکی حکام کا دعویٰ ہے کہ گمشدہ پائلٹ کو ریسکیو کر لیا گیا ہے جب کہ پاسدارانِ انقلاب نے اس امریکی دعوے کو بھی مسترد کر دیا ہے۔
ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی تسنیم کے مطابق صوبہ اصفہان کے جنوب میں لاپتہ امریکی پائلٹ کی تلاش کے لیے کیے گئے ریسکیو مشن کے دوران امریکی فوج کے متعدد طیارے اور ہیلی کاپٹرز تباہ کر دیے گئے ہیں اور ملبے کی تصاویر بھی جاری کی ہیں۔
خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل ابراہیم ذوالفقاری نے اتوار کے روز بتایا کہ ایرانی فورسز نے گرائے گئے امریکی لڑاکا طیارے کے پائلٹ کو نکالنے کے مشن کو ناکام بنا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی اصفہان کے ایک متروک ایئرپورٹ پر کیے گئے اس نام نہاد امریکی ریسکیو آپریشن کو ایرانی مسلح افواج کی بروقت اور موثر کارروائی نے مکمل طور پر ناکام بنا دیا ہے۔ ترجمان نے تصدیق کی کہ اس آپریشن کے دوران دو امریکی سی 130 ملٹری ٹرانسپورٹ طیارے اور دو بلیک ہاک ہیلی کاپٹرز تباہ کر دیے گئے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا تھا کہ امریکی فوج نے ایک پائلٹ کو نکالنے کے اگلے ہی دن دوسرے پائلٹ کو بھی ایک آپریشن کے دوران ریسکیو کر لیا ہے۔ تاہم پاسداران انقلاب نے صدر ٹرمپ کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے۔
انہوں نے صدر ٹرمپ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ناکامی چھپانے کے لیے جھوٹ اور نفسیاتی جنگ کا سہارا لے رہے ہیں جبکہ میدانِ جنگ کے حقائق بتاتے ہیں کہ ایران کا پلڑا بھاری ہے۔
ابراہیم ذوالفقاری نے مزید کہا کہ ایرو اسپیس، گراؤنڈ فورسز، پولیس اور عوامی سطح پر کیے گئے مشترکہ آپریشن میں امریکا کو ایک بار پھر ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
انہوں نےاس واقعے کو 25 اپریل 1980 کے مشہور واقعے سے تشبیہ دی، جب ایران میں یرغمال امریکیوں کو چھڑانے کے لیے آنے والی امریکی فورسز طبس کے مقام پر ریت کے شدید طوفان میں پھنس کر ناکام ہو گئی تھیں۔
دوسری جانب امریکی حکام نے تصدیق کی ہے کہ جمعے کو گرائے گئے امریکی ’ایف 15‘ طیارے کے دوسرے پائلٹ کو بھی بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران میں جمعے کے روز گرائے گئے امریکی لڑاکا طیارے کے دوسرے لاپتہ پائلٹ کو بھی ریسکیو کر لیا گیا ہے، جب کہ طیارے کے پہلے پائلٹ کو ایک روز قبل ہی بحفاظت ریسکیو کیا گیا تھا۔
رائٹرز کے مطابق ایرانی مسلح افواج کی مشترکہ کمانڈ کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں بتایا زمین پر موجود ماہرین کی جانب سے کی گئی مزید تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہماری فورسز نے امریکی فوج کے دو ’سی 130‘ ملٹری ٹرانسپورٹ طیارے اور دو ’بلیک ہاک‘ ہیلی کاپٹر تباہ کر دیے ہیں۔
ایرانی فوج اور پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری کردہ الگ الگ بیانات میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ صوبہ اصفہان میں ایک اسرائیلی ’ہرمیس 900‘ ڈرون اور ایک امریکی ’ایم کیو 9‘ ڈرون کو بھی مار گرایا گیا ہے۔
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے ’ایکس‘ پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ امریکا نے ایسی مزید تین فتوحات حاصل کرلیں تو وہ مکمل طور پر تباہ ہوجائے گا۔
دوسری جانب ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی ’فارس‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ لاپتہ امریکی پائلٹ کی تلاش کے لیے یہ وسیع سرچ آپریشن ہفتے کی شام سے ایران کے تین مختلف صوبوں چہارمحال و بختیاری، کوہگیلویہ و بویراحمد اور اصفہان میں کیا گیا تھا۔
اس سے قبل امریکی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکا نے ریسکیو آپریشن کے دوران ایرانی فورسز کے ہاتھ لگنے سے بچانے کے لیے اپنے طیارے خود تباہ کیے۔
تسنیم نیوز کے مطابق ماہرینِ ہوا بازی اور تجزیہ کاروں نے واضح طور پر امریکی دعوؤں کو مسترد کر دیا ہے کہ سی 130 طیارے کو ایرانی علاقے میں امریکا نے خود نشانہ بنایا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق شواہد بشمول جہاز کے پروپیلر کو پہنچنے والے نقصان اور ہیلی کاپٹر کے ملبے کی قربت سے ثابت ہوتا ہے کہ طیارہ مار گرایا گیا تھا۔











