ایران کو آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ٹینکروں سے فیس لینا بند کرنی چاہیے: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ٹینکروں سے فیس لینے کی اطلاعات ملی ہیں۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایسا ہو رہا ہے تو ایران کو فیس لینا بند کر دینا چاہیے۔
برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کے مطابق ایران کے آئل، گیس اور پیٹروکیمیکل مصنوعات برآمد کنندگان کی یونین کے ترجمان حامد حسینی نے کہا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ دو ہفتوں کی جنگ بندی کے دوران آبنائے ہرمز پر کنٹرول برقرار رکھنے کے لیے کرپٹو کرنسی میں ٹول وصول کرنے کا مطالبہ کرے گا۔
ایک اور بیان میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ تیل کی ترسیل شروع ہو جائے گی، چاہے ایران مدد کرے یا نہ کرے۔
واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل نے 28 فروری کو ایران پر حملہ کیا تھا، جس کے جواب میں ایران نے اسرائیل اور خلیجی ریاستوں میں موجود امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا تھا۔ اس جنگ کے باعث تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا جس کے باعث عالمی منڈیاں شدید متاثر ہوئیں۔
امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں اور اسرائیل کی لبنان پر کارروائیوں میں ہزاروں افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔
ٹرمپ نے منگل کے روز ایران کے ساتھ جنگ بندی کا اعلان کیا تھا، اس سے قبل وہ ایران کی مکمل تباہی کی دھمکی بھی دے چکے تھے۔
جمعرات کو نازک جنگ بندی کے باوجود آبنائے ہرمز سے جہازوں کی آمدورفت معمول کے 10 فیصد سے بھی کم رہی، جبکہ تہران نے جہازوں کو اپنی علاقائی حدود میں رہنے کی وارننگ دے کر کنٹرول برقرار رکھنے کا عندیہ دیا۔
یہ جنگ آبنائے ہرمز جو عالمی سطح پر تقریباً 20 فیصد تیل اور مائع قدرتی گیس کی ترسیل کا اہم راستہ ہے، میں جہاز رانی کو تقریباً معطل کر چکی ہے۔
اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ امن معاہدے کے لیے بہت پُرامید ہیں، اسرائیل لبنان پر حملوں میں کمی کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی رہنما بہت حد تک معقول ہیں، اگر انہوں نے معاہدہ نہ کیا تو آگے معاملہ بہت تکلیف دہ ہوگا۔













