لاہور: تین بچوں کی ہلاکت کا افسوس ناک واقعہ، ماں بھی اسپتال میں چل بسی

پولیس کو ابتدائی تحقیقات میں زہر دے کر قتل اور خودکشی کا شبہ، فرانزک شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں
اپ ڈیٹ 17 جولائ 2026 11:27pm

لاہور کے علاقے ویلنشیا میں مبینہ طور پر زہر خورانی سے تین بچوں کی ہلاکت کے معاملے میں پولیس نے بچوں کے والد ناصر ڈوگر کو حراست میں لے لیا ہے، جب کہ بچوں کی والدہ بھی اسپتال میں دم توڑ گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق ناصر ڈوگر چند روز قبل بیرون ملک سے پاکستان واپس آیا تھا۔ واقعے کے وقت وہ گھر سے گراسری لینے مارکیٹ گیا ہوا تھا، تاہم واپسی پر اس نے اپنے تین بچوں کو مردہ حالت میں پایا، جب کہ اہلیہ کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ جانبر نہ ہو سکیں۔

جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 40 سالہ علینہ، 16 سالہ ریحان، 11 سالہ عرشیہ اور 9 سالہ ارسل کے نام سے ہوئی ہے۔

ابتدائی تحقیقات میں پولیس کو شبہ ہے کہ بچوں کو زہر ملا کھانا کھلایا گیا، جب کہ خاتون نے بعد ازاں خود بھی وہی زہریلا کھانا کھایا۔

واقعے کے بعد پولیس، تفتیشی حکام اور فرانزک ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، جب کہ چاروں لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ناصر ڈوگر کو مزید تفتیش کے لیے حراست میں لیا گیا ہے، جب کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور حتمی حقائق پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹس کے بعد سامنے آئیں گے۔