دی جنگل بک کا سیکوئل تیار کرنے کا اعلان

شائع 27 اپريل 2016 02:22pm
فائل فوٹو فائل فوٹو

لاس اینجلس:رواں ماہ ریلیز ہونے والی فلم دی جنگل بک کو بھرپور پذیرائی مل رہی ہے جس کے بعد فلم کا سیکوئل تیار کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

فلمی دنیا میں اگر کسی موضوع پر ایک فلم کامیاب ہو جائے تو پھر،اس فلم کی مقبولیت کو کیش کرانے کے لیے اس کے سیکوئلز بنائے جاتے ہیں،ہالی ووڈ میں فلموں کے سیکوئل نہیں بلکہ پوری سیریز ہی تیار کی جاتی ہے،اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے دی جنگل بک کا سیکوئل بنانے کا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔

فلم دی جنگل بک کا سیکوئل بنانے کا اعلان ڈزنی پکچرز نے فلم کی مسلسل کامیابی کے بعد کیا۔ پندرہ اپریل کو ریلیز ہونے والی فلم نے اب تک دنیا بھر سے چوون کروڑ اڑتالیس  لاکھ ڈالر کا بزنس کرلیا ہے۔

ننھے منے بچے موگلی  اور جنگلی حیات کے گرد گھومتی کہانی بچوں اور بڑوں کو ایسی بھائی ہے کہ اب سینما گھروں میں مداحوں کا رش لگا ہواہے۔ دی جنگل بک انیس سو سڑسٹھ کی معروف اینی میٹڈ فلم سے متاثر ہوکر بنائی گئی ہے۔

امریکی سینما گھروں میں ریلیز ہونے سے پہلے فلم نے بھارتی سینما گھروں میں تہلکہ مچایا، فلم نے بھارتی باکس آفس پر کسی بھی اینی میٹڈ فلم کے سب سے زیادہ بزنس کرنے کا ریکارڈ بھی قائم کیا ہواہے۔

فلم دی جنگل بک کے مداحوں کےسیکوئل میں موگلی  جنگلی حیات کے ساتھ کیسی زندگی گزارتا ہے اس کے لیے مداحوں کو آئندہ سال جولائی تک انتظار کرنا ہوگا ۔