پنجاب میں گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا

شائع 20 دسمبر 2015 01:59pm

12

لاہور:پنجاب میں گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا۔ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف لاہور میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے حلقے میں شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

لاہور سمیت پنجاب میں گیس کا بحران سنگین صورتحال اختیار کر گیا ہے اور گیس نایاب ہو کر رہ گئی ہے۔ گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف سردار ایاز صادق کے حلقے میں شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں بچوں نے بھی شرکت کی۔ مظاہرین نے گیس کی عدم دستیابی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ انہوں نے سرادار ایاز صادق کو دو بار ووٹ دیئے مگر انہوں نے اپنے وعدے وفا نہیں کئے،ان کا کہنا تھا کہ گیس نہ ہونے سے وہ سخت عذاب میں مبتلا ہیں، خواتین کو بچوں کے لئے ناشتہ اور کھانا بنانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

بچوں کا کہنا تھا کا وہ گیس نہ ہونے کے وجہ سے باہر کا کھانا کھانے پر مجبور ہیں جس کی وجہ سے ان کے پیٹ خراب ہو گئے ہیں۔ انہوں نے ارباب اختیار سے گیس کا مسئلہ جلد حل کرنے کا مطالبہ کیا۔

سوئی ناردرن حکام کا کہنا ہے کہ سردی میں شدت کی وجہ سے گیس کی طلب دو ہزار ایم ایم سی ایف ڈی سے تجاوز کر گئی ہے۔ اگر شہری گیس ہیٹر اور گیزر کے استعمال میں احتیاط کریں تو مسئلہ کافی حد تک حل ہو سکتا ہے۔