ملا منصور کو شاختی کارڈ میں معاون اہلکار وں کیخلاف کارروائی

اپ ڈیٹ 29 مئ 2016 07:33am
فائل فوٹو فائل فوٹو

اسلام آباد:ایف آئی اے نے محمد ولی کا شناختی کارڈ بنانے میں معاونت فراہم کرنے پر کوئٹہ سے ایف سی کے رسالدار میجر اور کراچی سے نادرا کے اہلکار کو گرفتار کرلیا۔

بلوچستان پر ڈرون حملے میں ہلاک طالبان لیڈر ملا منصور عرف محمد ولی کو شناختی کارڈ سمیت دیگر سہولتیں فراہم کرنے والوں کے گرد روز بروز گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے اور آج بھی ایف آئی اے نے کوئٹہ اور کراچی میں الگ الگ کارروائیاں کیں۔ کوئٹہ سے لیویز کے رسالدار میجر عزیز احمد اور کراچی سے نادرا اہلکار رفعت اقبال کو گرفتار کرلیا۔

رسالدار میجرعزیز احمد پر دو ہزار ایک میں محمد ولی کے شناختی کارڈ فارم کی تصدیق کرنے کا الزام ہے جبکہ رفعت اقبال پر محمد ولی کی دوسری بیوی اور بچوں کو پاکستانی شہریت دلانے میں معاونت کا الزام عائد کیا گیا ہے۔یہ بات بھی قابل غور ہے کہ جیسے ہی نوشکی حملے کی تفصیلات منظرعام پر آئیں رفعت اقبال روپوش ہوگیا تھا۔

نادرا کی کالی بھیڑوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کیلئے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار پہلے ہی ہدایات جاری کرچکے ہیں اور غیرملکیوں کے جعلی شناختی کارڈ بنانے اور دیگر سہولتیں فراہم کرنے کے الزام میں اب تک کئی افراد گرفتار کیے جاچکے ہیں۔