مردان:سٹی پولیس اسٹیشن پر حملے کی کوشش ناکام

اپ ڈیٹ 31 مئ 2016 06:13am
فائل فوٹو فائل فوٹو

مردان:مردان پولیس نے سٹی پولیس اسٹیشن پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی۔فائرنگ کے تبادلے کے بعد خود کش حملہ آور نے خود کو اڑا لیا جبکہ سرچنگ کے دوران سائیکل میں نصب بارودی مواد بھی ناکارہ بنا دیا گیا۔

مردان کا سٹی پولیس اسٹیشن بڑی دہشت گردی سے بچ گیا،مسلح حملہ آور نے پولیس اسٹیشن میں گھسنے کی کوشش کی تاہم اہلکار چوکنا تھے اور حملہ آور ناکام ہو گیا۔

جس کے بعد حملہ آورنے فائرنگ شروع کردی ،فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا کہ اسی دوران حملہ آورنے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

دھماکے کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکاروں اور ایک بچی سمیت 13 افراد زخمی ہوگئے جنھیں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کوگھیرے میں لےکرسرچ آپریشن شروع کر دیا۔

اس دوران تھانے کے قریب کھڑی سائیکل میں نصب بارودی مواد برآمد کر لیا گیا جسے بم ڈسپوزل نے ناکارہ بنایا۔

ڈی پی او کے مطابق ،خودکش حملہ آورکا سر پولیس نے قبضے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔