وزیر اعظم نواز شریف کا آپریشن ،ملک بھر میں دعائیہ تقریبات

شائع 31 مئ 2016 05:11pm
nawaz_image فائل فوٹو

اسلام آباد:وزیراعظم کے آپریشن کی کامیابی اور صحت یابی کیلئے دنیا بھر میں دعائیہ تقریبات ہوئیں، پاکستان میں لیگی کارکنان نے بکروں کا صدقہ دیا۔اقلیتی برادری بھی دعاوٴں میں مشغول رہی، غیرملکی سربراہان مملکت سمیت متعدد کھلاڑیوں کی جانب سے بھی نیک تمناوٴں کا اظہار کیا گیا۔

پاکستان بھر میں مسلم لیگ ن کے کارکنان اپنے قائد کیلئے دعاگو ہیں۔لاہور میں مرکزی تقریب مسلم لیگ نون کے مرکزی دفتر میں منعقد کی گئی۔گوجرانوالہ میں دعائیہ اجتماع ہوا، نوافل کی ادائیگی سمیت قرآن خوانی بھی کی گئی۔رحیم یارخان، وہاڑی میں لیگی کارکنوں نے بکروں کا صدقہ دیا۔

فیصل آباد، ملتان، سرگودھا، ساہیوال، سیالکوٹ اور سکھر سمیت متعدد شہروں میں بھی دعائیہ اجتماعات ہوئے۔عالمی رہنماوٴں میں بھارتی وزیراعظم نریندرمودی، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور سابق افغان صدر حامد کرزئی نے خیرسگالی پیغامات بھیجے۔نوازشریف نے آپریشن سے قبل نریندر مودی کو ٹیلی فون کیا اور خیریت دریافت کرنے پر اْن کا شکریہ ادا کیا۔

ترک صدر رجب طیب اردگان نے وزیراعظم کو ٹیلیفون کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔شعیب اختر، سرفراز احمد، علیم ڈار، کرس گیل اور کیون پیٹرسن نے بھی خیرسگالی جذبات کا اظہار کیا۔اقلیتی برادری بھی دعائیں کررہی ہے، کراچی کے سوامی نرائن مندر میں خصوصی پوجا کا اہتمام کیا گیا۔پاکستان میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات سمیت ملک بھر کے عوام وزیراعظم کی صحت یابی کے لیے دعاوٴں میں مصروف ہیں۔