رجنی کانت کی فلم کبالی کا پہلے ہی دن شاندار بزنس

شائع 25 جولائ 2016 03:19pm

123456جمعہ کے روز سنیما گھروں کی زینت بننے والی رجنی کانت کی فلم 'کبالی' نے پہلے ہی دن کروڑوں کما کر نیا ریکارڈ بنا ڈالا۔ سوشل میڈیا پر بھی گزشتہ ہفتے اس حوالے سے خوب چرچے رہے۔

معاشی تجزیہ کاروں نے فلم کے حوالے سے اندازہ لگایا تھا کہ فلم تامل ناڈو، بھارت سمیت دنیا بھر کی مارکیٹس میں پہلے ہی روز 80 سے 90 کروڑ کما سکتی ہے۔ معاشی تجزیہ کاروں کی ہفتے اور اتوار کے روز تیار کی جانے والی تفصیلات پیر کے روز دستیاب ہونگی۔

پا رنجیت کی ہدایت میں بننے والی فلم 'کبالی' کے بارے میں فلم بینوں کی ملی جلی رائے سامنے آئی ہے ، جن میں سے کچھ نے فلم کے موضوع کو سراہا ہے اور کچھ نے اپنی تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ فلم میں مزید بہتری کی گنجائش تھی۔

رجنی کانت کے پر جوش مداحوں نے بھی ملے جلے جزبات کا اظہار کیا ، جس میں انہوں نے فلم میں رجنی کانت کے منفرد انداز کو سراہا جس میں وہ ایک ڈان کے روپ میں دکھائی دیئے ہیں، اور ساتھ ہی اس میں ان کے جوانی کے ادوار کے مناظر کو بھی بے حد پسند کیا گیا ہے۔

جبکہ کچھ لوگ فلم کے پہلے حصے کی سست روی کی بنا پر اکتاہٹ کا شکار ہو کر فلم کو ادھورا چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ یہ بھی افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ فلمساز فلم بینوں کی آراء کو دیکھتے ہوئے آنے والے ہفتوں میں فلم کو ایڈیٹ کے بعد دوبارہ پیش کریں گے۔

کبالی کو بڑے پیمانے پر دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا جس میں امریکا کے 400 سنیما گھر بھی شامل ہیں۔ امریکا کے سنیما گھر سنی گلیسی میں ریلیز کے رائٹس خردینے والی کمپنی نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ فلم انے ایک دن میں 2.7 ملین ڈالر کمائے جو تقریباً 18 کروڑ روپے بنتے ہیں۔

بشکریہ دی ہندو