کترینہ کیف کا اپنے کیرئیر کے حوالے سے اہم اعلان

شائع 30 اگست 2016 11:53am
فائل فوٹو فائل فوٹو

بالی وڈ کے اداکار رنبیر کپور سے علیحدگی اور ماضی میں ریلیز ہونے والی فلم 'فتور' کے فلاپ ہونے کے بعد سے اداکارہ کترینہ کیف کے فلمی کیریئر کو ایک طرح سے آخری دموں پر قرار دیا جانے لگا ہے۔

لیکن کترینہ آج کل پھر سے دھرما پروڈکشن کی بننے والی فلم 'بار بار دیکھو' کے حوالے سے کافی سرخیوں میں ہیں۔

کیریئر کے حوالے سے کترینہ کیف کا کہنا ہے کہ 'بالی وڈ میں رہنا یا آؤٹ ہو جانا قسمت پر منحصر ہے۔ فی الحال مجھے کام مل رہا ہے، اور جب تک کام ملتا رہے گا تب تک میں کرتی رہوں گی۔'

اپنے سات برس کے فلمی کریئر میں کترینہ کیف نے بالی وڈ کے تمام بڑے سٹارز کے ساتھ کام کیا ہے۔

ان اداکاروں کے تعلق سے ایک سوال کے جواب میں کترینہ کا کہنا تھا کہ 'عامر خان اپنے کام میں پوری طرح ڈوب جاتے ہیں۔ کام کے وقت ان کا اور کسی دوسری چیز سے کوئی مطلب نہیں رہتا۔ جبکہ شاہ رخ خان اپنے ساتھی اداکاروں کا پورا خیال رکھتے ہیں اور اچھے طریقے سے پیش آتے ہیں۔'

انھوں نے مزید کہا کہ 'اکشے کمار جو بھی کرتے ہیں مکمل تندہی سے کرتے ہیں۔ ان سے کافی کچھ سیکھنے کا موقع ملا اور سلمان خان جو کچھ بھی کرتے ہیں پورے دل سے کرتے ہیں۔'

کترینہ کی پچھلی فلم'فتور' باکس آفس پر بری طرح سے فلاپ ثابت ہوئی تھی۔ اس پر کترینہ کا کہنا ہے کہ 'باکس آفس پر 'فتور' کے کامیاب نہ ہونے کی وجہ میں آج تک سمجھ نہیں پا رہی ہوں۔ فلم تو کافی اچھی بنی تھی۔ ویسے تو یہ سب ناظرین پر منحصر ہے کہ انھیں کیا پسند آتا ہے اور کیا نہیں۔ ہم تو صرف محنت ہی کر سکتے ہیں۔'

آج کل بالی وڈ کی کئی اداکارائیں بالی ووڈ سے زیادہ ہالی وڈ میں کام کے تعلق سے سرخیوں میں ہیں۔

اس کے حوالے سے کترینہ کا کہنا تھا کہ 'فی الحال تو میرا ہالی وڈ میں جانے کا کوئی ارادہ نہیں۔ اور اب تک وہاں سے کوئی پیشکش بھی نہیں آئی ہے۔ اگر کوئی اچھی آفر آئی تو اس بارے میں ضرور سوچوں گی۔'

کترینہ کی نئی آنے والی فلم 'بار بار دیکھو' ایک رومانٹک فلم ہے۔ اس میں کترینہ کیف کے ساتھ اداکار سدھارتھ ملہوترا پہلی بار نظر آئیں گے۔ یہ فلم آئندہ نو ستمبر کونمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔