الیکشن کمیشن:وزیراعظم کیخلاف ریفرنس خارج، عمران خان کو نوٹس جاری

شائع 06 ستمبر 2016 11:25am
فائل فوٹو فائل فوٹو

اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کے خلاف ایک ریفرنس عدم پیروی پر خارج جبکہ دوسرے کی سماعت 28ستمبر تک ملتوی کردی جبکہ عمران خان اور جہانگیر ترین کو نوٹسز جاری کردیئےگئے، اپوزیشن جماعتیں الیکشن کمیشن پر نالاں ہیں۔

چیف الیکشن کمیشن کی سربراہی میں بنچ نے وزیراعظم نوازشریف ،عمران خان سمیت دیگرریفرنسزکی سماعت کی، شریف برادران کے وکیل سابق اٹارنی جنرل سلمان بٹ کی استدعا پرانہیں جواب داخل کرنے کےلئے 28 ستمبرتک مہلت دے گئی ۔

وزیراعظم کے خلاف ہی وحید کمال کی درخواست عدم پیروی کی وجہ سے خارج کردی گئی۔ کیپٹن صفدر نے اپنے خلاف درخواست پر تحریری جواب داخل کرادیا اور موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن متعلقہ کیس سننے کا اختیارنہیں رکھتا ، اختیارسیشن جج کے پاس ہیں۔

 الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے نئیربخاری کا کہنا تھا کہ ن لیگ تاخیری حربے استعمال کررہی ہے ،الیکشن کمیشن نے شاہنوازڈھلوں کی پٹیشن پرعمران خان کونوٹس جاری کیا ۔ شاہنوازڈھلوں کے وکیل کا کہنا تھاکہ عمران خان نے آف شورکمپنی بنائی اور نیازی سروسزآف شورکمپنی چھپائی انہیں نااہل کیا جائے۔

 تحریک انصاف کے وکیل حامد خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے کیس کو ملتوی کرنا اور عمران خان کو نوٹسز جاری کرنے سے بدنیتی سامنے آتی ہے۔تحریک انصاف کے رکن لیاقت ترکئی کے خلاف اے این پی کی درخواست کی سماعت بھی ہوئی، لیاقت ترکئی نے بھی جواب جمع کرادیا ہے۔

 اے این پی کے رہنما زاہد خان نے میڈیا سے بات چیت میں عمران خان پر خوب گرجے اور برسے۔

الیکشن کمیشن نے وزیراعظم ، عمران خان سمیت دیگرکیسزکی سماعت 28 ستمبرتک ملتوی کردی، تمام اپوزیشن ارکان الیکشن کمیشن کو ناقابل اعتبار بھی قرار دیتے رہے تاہم کارروائی کا حصہ بھی رہے۔