کراچی میں گاڑیاں جلانےمیں ملوث افراد سمیت 6ملزمان گرفتار

اپ ڈیٹ 09 ستمبر 2016 06:43am
لیاری سلاٹر ہاؤس کے قریب پولیس سے مقابلے میں 2ملزمان مارے گئے - فائل فوٹو لیاری سلاٹر ہاؤس کے قریب پولیس سے مقابلے میں 2ملزمان مارے گئے - فائل فوٹو

کراچی:کراچی پولیس نے گاڑیاں جلانے میں ملوث افراد سمیت 6ملزمان کو گرفتار کرلیا ہےجبکہ لیاری سلاٹر ہاؤس کے قریب پولیس سے مقابلے میں 2ملزمان مارے گئے، ملزمان کی شناخت ندیم بلوچ اور ذاکر کے نام سے ہوئی ہے۔

کراچی پولیس دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کیخلاف ایکشن میں آگئی،مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے 6ملزمان کو دھر لیا گیا۔

پولیس کے جوانوں نے لانڈھی بھینس کالونی میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی اورشہرمیں گاڑیاں جلانےمیں مبینہ طور پرملوث 3ملزمان کو گرفتارکرلیا۔لیاری جونا مسجد کے قریب بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے چھاپہ مار کر 2افراد کو گرفتار کرلیا۔

ذرائع کے مطابق ،گرفتار افراد بس جلانے کے واقعے میں ملوث ہیں،گرفتار افراد کیخلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب سپرہائی وے ٹول پلازہ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم ہلاک جبکہ 3 فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

 سرجانی میں بھی مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم پکڑا گیا، جس کے قبضے سے اسلحہ اور موبائل فون برآمد کرلیا گیا ہے۔