سانحہ 12مئی میں وسیم اخترسمیت دیگر ملزمان کیخلاف 4مقدمات کاچالان منظور

شائع 15 ستمبر 2016 11:00am
 وسیم اخترنے سانحہ 12مئی میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا - فائل فوٹو وسیم اخترنے سانحہ 12مئی میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا - فائل فوٹو

کراچی:کراچی کی انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت نے سانحہ 12مئی میں میئرکراچی وسیم اختر سمیت دیگرملزمان کے خلاف مزید 4مقدمات کا چالان منظورکرلیا۔ چالان کے مطابق، وسیم اخترنے سانحہ 12مئی میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے۔

سانحہ 12 مئی کے کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ پولیس نے سانحہ کے 4 مختلف مقدمات کا چالان کراچی کی انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت میں پیش کیا۔ جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے کیس انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر 2 میں بھیج دیا ہے۔

پولیس کی جانب سے پیش کردہ چالان کے مطابق، سانحہ 12کے تمام مقدمات میں میئرکراچی وسیم اختر، اسلم کالا سمیت 20 ملزمان گرفتار ہیں جبکہ  2اراکین اسمبلی سمیت 49 ملزمان مفرور ہیں۔

چالان میں کہا گیا ہے کہ دوران تفتیش وسیم اختر نے سانحہ 12 مئی میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہےاور وسیم اختر ہی کی  نشاندہی پرملزم اسلم عرف کالا کو گرفتار کیا گیا۔

ادھر پولیس کے مطابق، میئر کراچی وسیم اختر، دو اراکین اسمبلی کامران فاروقی اورمحمد عدنان سمیت اڑتالیس نامزد ملزمان کے خلاف تھانہ ائیرپورٹ کی حدود میں ہنگامہ آرائی، فائرنگ، جلاؤ گھیراو اور توڑ پھوڑ کے مقدمات درج ہیں جن کا چالان آج عدالت میں پیش کیا گیا۔