وزیراعظم آج اقوام متحدہ میں کشمیر کا مقدمہ پیش کریں گے
فائل فوٹونیویارک:وزیراعظم نوازشریف آج اقوام متحدہ میں کشمیرکامقدمہ پیش کریں گے۔
سیکریٹری خارجہ اعزازچوہدری کہتے ہیں وزیراعظم جنرل اسمبلی سے خطاب میں مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم اور پاکستان میں بھارتی سازشوں کا پردہ چاک کریں گے۔
نیویارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکریٹری خارجہ اعزازچوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم آج جنرل اسمبلی اجلاس میں کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کریں گے اوراقوام عالم سے سامنے بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور پاکستان میں مداخلت کے ٹھوس ثبوت پیش کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نوازشریف نے ترک صدر،جاپانی ہم منصب سمیت دیگرعالمی رہنماؤں سے ملاقات کی،جس میں وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر سے دنیا کو آگاہ کیا۔
پریس کانفرس میں اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ خطے میں جوہری سرگرمیوں پر یکطرفہ پابندی نہیں لگائی جاسکتی۔
اعزازچوہدری نے مزید بتایا کہ مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے آسٹریلیا،سوئزرلینڈ اورجاپانی ہم منصب سے ملاقاتیں کی ہیں،جس میں نیوکلائیر سپلائیر گروپ میں رکنیت سمیت دیگر اہم امور پر گفتگو کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ان کی یورپی یونین کی سیکریٹری خارجہ سے ملاقات ہوئی ہے جس میں انہوں نے انہیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔
ملاقات میں اکتوبر میں ہونے والی برسلزکانفرنس کی تیاریوں اور افغانستان سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
یورپی سیکریٹری خارجہ نےافغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔














اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔