معروف اداکارہ دیویا  بھارتی کی موت حادثہ تھا یا قتل،اہم سچائی سامنے آگئی

شائع 27 ستمبر 2016 09:21am

dvya0000000

ممبئی:بھارتی فلم انڈسٹری کی ماضی کی معروف اداکارہ دیویا بھارتی کا شمار ان خوبصورت اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہیں مداحوں سے بچھڑے برسوں گزر چکے ہیں  لیکن آج بھی ان کی یاد دلوں میں تازہ ہے۔

دیویا بھارتی 90 کی دہائی کی معروف اداکارہ تھیں جو بہت جلد لوگوں کے دلوں پر قبضہ جمانے میں کامیاب ہوگئی تھیں،شاہ رخ خان کے مدمقابل فلم 'دیوانہ' میں دیویا سب کو اپنا دیوانہ بنانے میں کامیاب ہو گئی تھیں۔

لیکن وہ اس شہرت کو زیادہ دن قائم نہ رکھ سکیں اور اس کی وجہ تھی ان کے ساتھ پیش  آنے والا خطر ناک حادثہ جس میں ان کی موت واقع ہو گئی تھی،اس رات ان کے ساتھ حقیقت میں ہوا کیا تھا  آئیے جانتے ہیں۔

اپنی موت سے چند گھنٹے قبل دیویا نہایت خوشگوار موڈ میں تھیں،اس خوشی کی وجہ تھی ممبئی کے علاقے بیندرا میں لیا گیا نیا فلیٹ جس کی بالکونی سے گر کر وہ ہلاک ہوئی تھیں۔

فلیٹ میں ان کے شوہر کے علاوہ ان کی ملازمہ امریتا بھی موجود تھی ،امریتا کسی کام سے کچن میں گئی تو دیویا بالکونی میں آگئیں اس وقت وہ الکوحل پی رہی تھیں(فلیٹ نیا ہونے کی وجہ سے بالکونی میں گرل نہیں لگی ہوئی تھی)۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دیویا اپنی بالکونی پر کھڑی ہوگئی تھیں کہ اچانک ان کا پیر پھسلا اور وہ گر گئیں،ان کے گرنے کی آواز سب نے سنی ،انہیں فوراً اسپتال لے جایا گیا تاہم سر پر شدید چوٹ لگنےاور خون کے زیادہ بہنے کی وجہ سے ان کی موت واقع ہو چکی تھی۔

اس وقت ذرائع ابلاغ نے ان کی موت کو مافیا کے ساتھ جوڑنے کی کوشش کی تھی،جبکہ ان کے قریبی دوستوں کا خیال تھا کہ انہیں ہلاک کیا گیا ہے ،تاہم دیویا کی موت ایک حادثہ تھا ۔

واضح رہے کہ دیویا کی ملازمہ امریتا ان کے انتہائی قریب تھیں اور ان کی موت کے صرف 30 دن بعد ہارٹ اٹیک سے ان کی بھی موت واقع ہو گئی۔

بشکریہ:بولی وڈ ببل ڈاٹ کام