فلم 'اے دل ہے مشکل 'نے شیوے کو مات دے دی

شائع 31 اکتوبر 2016 05:48am

adhm000000

ممبئی:بھارت کے مذہبی تہوار 'دیوالی'کے موقع پر ریلیز کی گئی کرن جوہر کی فلم 'اے دل ہے مشکل'لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروانے میں کا میاب ہوگئی ہے۔

فلمی تجارتی تجزیہ کارترن آدرش  نے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ پر فلم کی آمدنی سے متعلق ٹویٹ کرتے ہوئےکہا ہے کہ  کرن جوہر اور اجے دیوگن کی فلموں نے باکس آفس پر کمال کردیا۔

انہوں نے دونوں فلموں کی دو دن کی آمدنی بتاتے ہوئے کہا کہ' اے دل ہے مشکل' 26 کروڑ 40 لاکھ کے ساتھ پہلے نمبر پر رہی،جبکہ' شیوے' 20 کروڑ 30 لاکھ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بولی وڈ کے دبنگ  سلمان خان  کی فلم کا پہلے دن کا بزنس ہمیشہ اچھا ہوتا ہےلیکن اے دل ہے مشکل نے سلطان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

رنبیر کپور کی فلم  نے کینیڈا اور امریکا میں تقریباً 7 لاکھ ڈالرز کا بزنس کیا ہے جبکہ سلطان نے 5 لاکھ ڈالرز کا بزنس کیا تھا۔ کرن جوہر کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم اے دل ہے مشکل میں رنبیر کپور،ایشوریارائے،انوشکا شرما،پاکستانی اداکارفواد خان سمیت عمران عباس نے مرکزی کردار ادا کئے ہیں ۔

دوسری جانب شیوے بھی کسی سے کم نہیں، یہ فلم اے دل ہے مشکل کو کڑا مقابلہ دینے میں کامیاب رہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ مقبوضہ کشمیر میں قائم اُڑی کیمپ میں چند مصلح افراد کی فائرنگ کے باعث 18 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد انتہا پسند ہندوؤں نے کرن جوہر کی فلم پر پابندی عائد کردی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ فلم میں پاکستانی اداکار(فواد خان)کی موجودگی کے باعث فلم کو ریلیز کی اجازت نہیں دیں گے،بہر حال مختلف تنازعات  کے مراحل طے کرنے کے بعد فلم کو ریلیز کی اجازت مل گئی۔

بشکریہ:ہندوستان ٹائمز