کپل شرما پر ایک بار پھر مقدمہ درج

شائع 15 دسمبر 2016 07:34am

kapil

ممبئی:بھارتی ٹی وی کے معروف مزاحیہ اداکار کپل شرما  کیخلاف ایک بار پھر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

ٹائمز آف انڈیا  کے مطابق  کپل شرماکیخلاف دو ایف آئی آر درج کی گئی ہیں جن میں پہلی  اپنے بنگلے کے پچھلے حصے میں ساحلی  علاقے میں موجود جھاڑیوں  کو برباد کرنے  کے الزام میں اوردوسری  کرپشن  کے الزامات ثابت نہ کرنے پر درج کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال ستمبر میں  کپل نے   الزام لگایا تھا کہ بی ایم سی آفیسرز نے ان سے 5 لاکھ روپے رشوت طلب کی ہے،کپل نے ایک ٹویٹ کے ذریعے بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی  کو اس بارے میں آگاہ کیا تھا۔

کپل کی جانب سے کیے جانے والے ٹویٹ کے مطابق " 15 کروڑ روپے ٹیکس ادا کرنے کے باوجودمجھ سے اپنا آفس بنانے کیلئے مزید 5 لاکھ روپے رشوت طلب کی جارہی ہے۔"

یہ بھی پڑھیئے:  کپل کا مودی سے کڑا سوال

ورسووا پولیس کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر میں کپل پر الزام  لگایا گیا ہے کہ وہ ساحلی علاقوں میں موجود جھاڑیوں اور چھوٹے سائز کے درختوں کو کاٹنے کے مرتکب ہوئے ہیں،(جس کیلئے انہیں 5 سال قید کی سزا بھی ہوسکتی ہے۔)بہر حال یہ کیس عدالت میں موجود ہے۔