صنم تیری قسم کا رازکھل گیا

شائع 06 جنوری 2016 06:36am

111111111

لاہور:پاکستان ٹی وی انڈسٹری کی مشہور اداکارہ اور ماڈل ماورا ان دنوں بھارتی فلم صنم تیری قسم میں کام کرنے کے حوالے سے میڈیا کی خبروں کا مرکز بنی ہوئی ہیں ۔

ماورا کی فلم کے بارے میں قیاس آرائیاں گردش کر رہی تھیں کہ انہوں نے یہ فلم رنبیر کپور کے ساتھ سائن کی ہے لیکن اب معلوم ہوا ہے کہ ان کے مقابل تیلگو فلم کے اداکار ہرش وردن رائنا مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔

فلم میں رنبیر کی موجودگی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ماورا کا کہنا تھا کہ پہلے اس فلم کے لئے رنبیر کپور کا نام ہی فائنل ہوا تھا لیکن پھر ہرش کو اس فلم میں سائن کرلیا گیا ،ان کا مزید کہنا تھا کہ ہرش کی بے شک یہ پہلی فلم ہے لیکن وہ بہت با صلاحیت اداکار ہیں اور مجھے ان کے ساتھ کام کرنے میں بے حد مزہ آیا۔

خیال رہے کہ فلم کا ٹائٹل سانگ بائیس دسمبر کو ریلیز کیا گیا تھا،خبروں کے مطابق سوشل میڈیا پر مداحوں کی طرف سے اسے زیادہ پزیرائی نہیں ملی،تاہم ماورا کا کہنا ہے کہ بھارتی فلم میں کام کرکے کافی تجربہ حاصل ہو اہے ، میں نے کافی نئی چیزیں سیکھیں ہیں اورمیرا یہ تجربہ مستقبل میں میرے بہت کام آئے گا۔

واضح رہے کہ صنم تیری قسم کی موسیقی بولی وڈ کے مشہور میوزک ڈائریکٹر ہمیش ریشمیا نے ترتیب دی ہے جبکہ گلوکار انکیت تیواری،پلک،نیتی موہن،آکاسہ سنگھ اوردرشن اول نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔