ہالی وڈ اداکارہ ژا ژا انتقال کرگئیں
File Photoہالی وڈ کی معروف اداکارہ ژا ژا گیبور کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا ہے۔ وہ ننانوے سال کی تھیں اور ان کے شوہر نے ان کی موت کی تصدیق کی ہے۔ ژا ژا کے شوہر فریڈرک وون اینہالٹ نے خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ان کی اہلیہ اہل خانہ اور دوستوں کی موجودگی میں گھر پر انتقال کر گئی ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ 'موت کے وقت سارے لوگ گھر پر موجود تھے اور ان کی وفات تنہائی میں نہیں ہوئی۔'
ژاژا گیبور ہنگری میں پیدا ہوئی تھیں اور دوسری جنگ کے عظیم کے بعد ترک وطن کرتے ہوئے امریکا منتقل ہو گئی تھی۔ انھوں نے ہالی وڈ میں اپنے کریئر کا آغاز سن انیس سو باون میں کیا۔ انھوں نے نو بار شادی کی۔
پہلی بار انھوں نے بیس سال کی عمر میں شادی کی جبکہ آخری بار ستر سال کی عمر میں اور ان کی آخری شادی سب سے زیادہ دنوں تک قائم رہی۔
انھوں نے ستر سے زیادہ فلموں میں اداکاری کی لیکن وہ اپنی سیلبریٹی طرز زندگی کے لیے زیادہ معروف تھیں۔ژاژا ڈاکٹر بننا چاہتی تھیں لیکن ان کی والدہ کے ذہن میں کچھ اور ہی تھا۔ ان کی خوبصورتی کے سبب شوبز ان کی منتظر تھی۔
گیبور کو سن انیس سو چھتیس میں مس ہنگری کا تاج پہنایا گيا لیکن بعد میں انھیں خارج کر دیا گيا کیونکہ انھوں نے اپنی عمر کے بارے میں غلط بیانی کی تھی۔
ان کی اہم فلموں میں 'مولن روج' ، 'لی لی' اور 'کوئن آف آؤٹر سپیس' شامل ہیں۔ انھوں نے 'نائٹ میئر آن ایلم سٹریٹ' سیریز اور 'نیکڈ گن' میں بھی اداکاری کی۔
Courtesy: BBC Urdu
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔