دپیکا کی فلم کے سیٹ پر حادثہ، ایک موت واقع

شائع 25 دسمبر 2016 06:33pm
File Photo File Photo

ممبئی: بولی وڈ  سپر اسٹار دپیکا پڈوکون آجکل اپنی نئی فلم پدما واتی کی شوٹنگ کی تیاری میں مصروف ہیں تاہم ابھی فلم کی شوٹنگ کیلئے ایک سیٹ کی تیاری جاری تھی کہ ایک افسوسناک حادثہ واقع ہوگیا ۔

 زی نیوز کے مطابق فلم کی شوٹنگ کیلئے سیٹ کی تیاری جاری تھی کہ اس دوران ایک رنگ ساز ایک مصنوعی مقبرے کو رنگنے کے دوران گر کر ہلاک ہوگیا۔ اس کو سر اور پشت پر شدید زخم  آئے تاہم اس کو طبی امداد کیلئے بھی ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کو مردہ قرار دے دیا گیا۔

پولیس نے واقعے کی تصدیق کی ہے اور حادثاتی رپورٹ اس حوالے سے درج کرلی ہے۔ ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا ہے کہ رنگ ساز پانچ فٹ کی بلندی سے گر کر ہلاک ہوا ۔

بھنسالی پروڈکشن کی سی ای او شوبھا سانت نے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے تاکہ معلوم کیا جاسکے وہ رنگ ساز کس طرح گرا اور یہ واقعہ کس طرح رونما ہوا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ اس حوالے سے غفلت کے مرتکب افراد کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔

دوسری جانب دپیکا نے بھی اس حوالے سے دکھ کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کی ہمدردیاں ان کے ورثاء کے ساتھ ہیں۔

واضح رہے کہ پدماوتی فلم سنجے لیلہ بھنسالی فلما رہے ہیں اور اس میں دپیکا مرکزی کردار ادا کررہی ہیں۔

Courtesy : Zee News