شاہ رخ نے بتادیا کہ انہوں نے فلم'رئیس'کےلیے ماہرہ کا انتخاب کیوں کیا

اپ ڈیٹ 09 فروری 2017 09:08am

mahira

ممبئی:بولی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی حال ہی میں ریلیز ہوئی فلم 'رئیس'کی کامیابیوں کا سفر جاری ہے،فلم بھارت سمیت بیرون ممالک میں 200 کروڑ سے زائد کا بزنس کرچکی ہے۔

فلم میں شاہ رخ کی بہترین پرفارمنس کے علاوہ ماہرہ خان کی  اداکاری کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ،فلم میں ماہرہ کافی خوبصورت نظر آرہی ہیں جبکہ ان کی جانداراداکاری بھی قابل تعریف ہے۔

یقیناً لوگوں کے ذہنوں میں اس سوال نے ضرور سر اٹھایا ہوگاکیا وجہ ہے کہ شاہ رخ  نے بولی وڈ کی تمام اداکاراؤں کو چھوڑ ایک پاکستانی اداکارہ کاانتخاب کیا؟

 ڈی این اے انڈیا کے مطابق فلم میں ماہرہ،نوازالدین صدیقی اور ذیشان ایوب کو شامل کرنے کے پیچھے شاہ رخ کا ایک خاص مقصد تھا۔

خان نے فلم کی تشہیری تقریب کے دوران  اس راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ'میں نے ان تینوں اداکاروں (ماہرہ،نواز اور ذیشان)کے ساتھ اس سے قبل کبھی کام نہیں کیا ،یہ تینوں  شوبز میں پہلے سے کام کررہے تھے،اداکاری ان کے لیے کوئی نئی چیز نہیں تھی،انہیں چیزوں کی سمجھ ہے،وہ فلم میں اپنے سین  کے متعلق دوسروں سے بات کرتے تھے'۔

انہوں نے کہا کہ میں فلم میں روایتی ہیرو نہیں بنا بلکہ میں نے ایک 'کردار'نبھایا ہے،لہٰذا یہ بہت ضروری تھا کہ میرے آس پاس ایسے لوگ موجود ہوں جنہیں اداکاری کی سمجھ ہو،اور وہ تمام سین کو سمجھ کر،محسوس کرکے  حقیقی انداز میں فلما سکیں۔

یہ ہی وجہ تھی کہ میں نے ان تینوں کا انتخاب کیا  کیونکہ میں چاہتا تھا کہ ہماری ٹیم منجھے ہوئے اداکاروں کے ساتھ کام کرے،میں نے ان تینوں سے بہت کچھ سیکھا ہے۔

شاہ رخ خان،ذیشان ایوب فلم'رئیس'کے ایک سین میں شاہ رخ خان اورذیشان ایوب فلم'رئیس'کے ایک سین میں

واضح رہے کہ ماہرہ خا ن پہلی پاکستانی اداکارہ ہیں جنہیں شاہ رخ خان کے مقابل مرکزی کردار ادا کرنے کا موقع ملا جبکہ نوازالدین صدیقی اس سے قبل عامر خان اور سلمان خان  کے ساتھ کام کرچکے ہیں لیکن کنگ خان کے ساتھ پہلی بار کام کیا ہے جبکہ  ذیشا ن کا بھی شاہ رخ کے ساتھ  کام کرنے کا یہ پہلا تجربہ ہے۔