سانحہ درگاہ لعل شہباز قلندر، عالمی برادری کی مذمت

شائع 17 فروری 2017 01:22pm
File Photo File Photo

نیویارک : سیہون میں لعل شہباز قلندر کے مزار پر ہونے والے حملے کے بعد عالمی برادری کی جانب سے مذمتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اقوام متحدہ امریکا، یورپی یونین  سمیت دیگر ملکوں کے رہنماؤں نے حملے پر اظہار افسوس کیا ہے۔

اقوام متحدہ نے گزشتہ روزنے لعل شہباز قلندر کے مزار پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے  کہا کہ ہمارا اظہار یکجہتی حکومت پاکستان، متاثرین اور لواحقین کے ساتھ ہے۔

امریکا نے اس حملے کو  ظالمانہ اقدام قرار دیا ہے۔ اسلام آباد میں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے اپنے بیان میں کہا کہ  حملے پر شدید صدمہ پہنچا ہے۔

دوسری جانب  یورپی یونین نے بھی سانحہ سیہون پر سخت مذمت کرتے ہوئے پاکستان کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔یورپی یونین کی ترجمان موغیرینی نے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کرینگے۔

ترکی نے بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی۔ ترجمان ترک وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ حملہ پاکستان کی سالمیت پر کیا گیاہے ہماری ہمدردیاں حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں۔

افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے بھی ٹوئٹر پیغام میں اس حملے کی شدید مذمت کی ہے۔