افغانستان پر طالبان سے مشروط مذاکرات پر زور

شائع 11 جنوری 2016 04:04pm

flag_image
اسلام آباد:پاکستان نے افغانستان کو طالبان سے غیر مشروط مذاکرات کرنے اور طالبان کو مکمل جنگ بندی کا اعلان کرنے کا کہا ہے، دونوں فریقوں کی جانب سے مذاکرات شروع کرنے پر اسلام آباد نے بھی مفاہمتی عمل کیلئے میزبانی کی پیشکش کردی۔

چار فریقی اجلاس میں افغان مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے کیلئے کئی تجاویز پیش کی گئیں۔افغان امن عمل کے لیے چار ملکی اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔اجلاس کے شرکا کی جانب سے افغانستان میں امن کیلئے حکومت اور طالبان کے درمیان مفاہمتی عمل کو فروغ دینے کے لئے تجاویز پر غور کیا گیا۔اجلاس میں پاکستان نے بھی مختلف تجاویز پیش کیں۔

پاکستان نے افغان حکومت سے مطالبہ کیا کہ طالبان سے مذاکرات کیلئے کوئی شرط عائد نہ کی جائے،طالبان گروپوں سے بھی فوری طور پر مکمل جنگ بندی کا اعلان کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔پاکستان نے کہا کہ دونوں فریق کی جانب سے مذاکرات کی بحالی کی صورت میں اسلام آباد میزبانی کیلئے تیار ہے۔

پاکستان کی نمائندگی سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری جبکہ افغانستان کی نمائندگی نائب وزیر خارجہ حکمت کرزئی نے کی۔ چار ملکی اجلاس میں چین اور امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے پاکستان و افغانستان بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں مذاکرات کی بحالی، اس کا ایجنڈا ، وقت اور جگہ کے تعین پر بھی بات کی گئی۔