اکشے کھنا کا والد کی طبیعت کے حوالے سے اہم بیان

شائع 11 اپريل 2017 07:10am

vunod

ممبئی:بولی وڈ کے ماضی کے مشہور اداکار  ونود کھنا کی حال ہی میں سوشل میڈیا پر  ایک تصویر وائرل ہوئی تھی   جس میں وہ بیماری کے باعث بے حد کمزور دکھائی دے رہے ہیں۔

ونود کھنا کے مداح اور بھارتی انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے اداکار یہ تصویر دیکھ کر ہکا بکا رہ گئے کیونکہ صحت مند اور پرکشش شخصیت کے مالک اداکار  کی یہ حالت   ہوجائے گی کسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا۔

ونود کھنا کی تصویر وائرل ہونے کے بعد یہ افواہیں بھی گردش کررہی تھیں کہ وہ ا ب چند دنوں کے مہمان ہیں لیکن  ڈاکٹرز نے ان افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کچھ نہیں  ونود کا بہتر سے بہتر علاج کیا جا رہا ہے اور وہ اب  صحت یابی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق   ان کے بڑے بیٹے اکشے کھنا کی جانب سے اپنے والد کی طبیعت کے حوالے ابھی تک کوئی  بیان سامنے نہیں آیا تھا  لیکن اب انہوں نےبھارتی ویب سائٹ  کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ  "میرے والد ٹھیک ہورہے ہیں"۔

واضح رہے کہ ونود  کھنا کو گزشتہ ماہ کی 31 تاریخ کو جسم میں پانی کی کمی کے باعث اسپتال لایا گیا تھا جہاں انہیں داخل کرلیا گیا تھا،تاہم ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ ان کی حالت خطرے سے باہر ہےاور وہ صحت مند ہورہے ہیں۔

ونود کھنا کی فیملی کے مطابق  وہ  مثانے کے کینسر  جیسے موذی مرض میں مبتلا ہیں  اور اسی بیماری کے باعث وہ انتہائی کمزور ہوگئے ہیں ، ان کی فیملی نے  اداکار کے مداحوں سے  ان کی صحت یابی کیلئے  دعا کرنے کی درخواست کی ہے۔

vinod1

یہ بھی پڑھیئے: ونود کھنا کی اس تصویر نے بھارتی عوام کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا