حکومت کی آئی ایم ایف کو اسٹیل ملز نجکاری کی یقین دہانی

شائع 14 جنوری 2016 02:44pm

imf

اسلام آباد:حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ کو رواں سال ستمبر تک پاکستان اسٹیل ملز کی نجکاری کا عمل مکمل کرنے کی یقین دہانی کرادی، گیس پریشر اور خام مال کی ترسیل میں کمی کے باعث اسٹیل ملز کو دو سال میں پچاس ارب روپے خسارہ ہوا۔

حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ کو یقین دہانی کروائی ہے کہ پاکستان اسٹیل ملز اور پی آئی اے سمیت دس سرکاری اداروں کی نجکاری کا عمل آئندہ ایک سال میں مکمل کر لیا جائے گا، آئی ایم ایف حکام نے معیشت کے نویں جائزے میں حکومت کی جانب سے بعض اعلانات پر عمل درامد نہ ہونے پر سخت تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ تاہم حکومت پاکستان نے ایک بار پھر پاکستان اسٹیل ملز کی فروخت کے لئے رواں سال ستمبر تک یقین دہانی کروائی ہے۔

فیصل آباد، اسلام آباد اور لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کے لئے بولیوں کا عمل رواں سال جون تک مکمل کیا جائے گا، جبکہ حتمی ٹرانزکشن ستمبر میں کی جائے گی۔ ادھر پارلیمانی کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کے سیکریٹری نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹیل کو ماہانہ دو ارب روپے نقصان کا سامنا ہے، دو سال کے دوران گیس پریشر اور خام مال کی ترسیل میں کمی کے باعث پچاس ارب روپے خسارہ ہوا۔