فاطمہ ثناء شیخ ایک بار پھر بولی وڈ خان کے ساتھ جلوہ گر ہونے کیلئے تیار
ممبئی:بولی وڈ کے معروف اداکار عامر خان کی فلم"دنگل "گزشتہ سال کی سب سے کامیاب فلم ثابت ہوئی ،فلم نے باکس آفس پر 300سے زائد کا ریکارڈ بزنس کیا۔
فلم آمدنی کے لحاظ سے تو اچھی رہی لیکن فلم میں موجود نئے چہروں کی قسمت ہی بدل گئی،دنگل میں شامل دو نئی اور نوجوان اداکاراؤں فاطمہ ثناء شیخ اور ثانیہ ملہوترا پر شوبز کے دروازے کھل گئے۔
ہندوستان ٹائمز کی اطلاعات کے مطابق فاطمہ ایک بار پھر عامر خان کے ساتھ نئی فلم"ٹھگ آف ہندوستان"میں نظر آئیں گی ،فلم میں مرکزی اداکارہ کیلئے کئی نام لیے جارہے تھے جن میں عالیہ بھٹ ،شردھا کپور ،کیرتی سونن اورسارہ علی خان شامل تھیں۔
فلم میں عامر خان کے ساتھ امیتابھ بچن بھی اہم کردار میں نظر آئیں گے یہ پہلا موقع ہوگا جب بولی وڈ کے دوبڑے اداکار ایک ساتھ اسکرین پر جلوہ گر ہوں گے۔
بھارتی ویب سائٹ ہندوستان ٹائمزکے ہاتھ فاطمہ کی ایک ٹیسٹ تصویر لگی ہے جس میں وہ تلوار ہاتھ میں لیے کسی جنگجو کی طرح کھڑی ہیں ،لیکن ابھی دنگل کی ہیروئن کا نام فائنل ہونا باقی ہے۔
فاطمہ کی لیک ہونے والی تصویر نے شوبز حلقوں کو حیران ہونے پر مجبور کردیا ہے کیونکہ اس سے قبل فاطمہ دنگل میں عامر خان کی بیٹی گیتا پھوگٹ کا کردار نبھا چکی ہیں اور اب انہوں نے عامر کی ہیروئن کیلئے آڈیشن دیا ہے۔
دوسری بات یہ کہ عامر خان کے بارے میں یہ مشہور ہے کہ وہ کبھی ہیروئن کو دوبارہ موقع نہیں دیتے ،واضح رہے کہ ماضی میں امیتابھ بچن اور اداکارہ راکھی کی جوڑی نے کئی ہٹ فلمیں دی ہیں ،جن میں مقدر کا سکندر(1978)قسمے وعدے(1978)شامل ہیں لیکن کئی فلموں میں امیتابھ نے راکھی کے بیٹے کا کردار بھی نبھا یا ہے جیسے فلم شکتی(1982)۔
تاہم یش راج فلمز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ فلم "ٹھگ آف ہندوستان"کیلئے مرکزی اداکارہ کا نام ابھی تک فائنل نہیں ہوا ہے۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔