ایل این جی پر کسی کو سبسڈی نہیں ملے گی،شاہد خاقان عباسی
اسلام آباد:وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں کہ ایل این جی پر کسی کو سبسڈی نہیں ملے گی۔ پاک ایران گیس پائپ لائن پر عالمی پابندیوں کے خاتمے کے بعد ہی عمل ہو سکے گا۔ اوجی ڈی سی ایل نے تیل اور گیس کے دو نئے ذخائر دریافت کئے ہیں۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر پٹرولیم کا کہنا تھا کہ او جی ڈی سی ایل نے تھل بلاک میں سینتیس اعشاریہ پانچ ملین کیوبک فٹ یومیہ گیس اور ناشپا میں ایک ہزار بتیس بیرل یومیہ تیل اور ڈھوک سلطان راولپنڈی میں چار سو اڑسٹھ بیرل یومیہ تیل کے ذخائر دریافت کئے ہیں۔ پی پی ایل نے بھی دو ذخائر دریافت کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں گھریلو صارفین کو بلا تفریق گیس کی فراہمی کے لیے معاملہ مشترکہ مفادات کی کونسل میں لے جانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ گھریلو صارفین کو دیگر شعبوں پر ترجیح دی جائے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ گیس چوری روکنے کے لیے بل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کریں گے۔ درآمدی ایل این جی سے آئندہ سال موسم سرما تک گیس بحران میں کمی آ جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم کیس کے حوالے سے کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ تحقیقاتی اداروں کو ان کی ضرورت کے مطابق ریکارڈ فراہم کریں۔














اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔