پاکستان کے ساتھ کی گئی تاریخی دھوکے بازی

شائع 16 دسمبر 2017 11:04am

بھارت اور پاکستان کی سرحدوں کا تعین کرنے کی خاطر جون 1947ء میں برطانوی حکومت نے دو باؤنڈری کمیشن بنائے جن کا سربراہ ایک انگریز جج سرریڈ کلف مقررکیا گیا۔

ان دونوں کمیشنز کو پنجاب اور بنگال کے صوبے پاکستان اور بھارت کے درمیان تقسیم کرنے تھے۔

ریڈ کلف 8 جولائی کو ہندوستان پہنچا اور مسلم و غیر مسلم ارکان ِکمیشن کے ساتھ سرحدوں کا تعین کرنے میں مصروف ہو گیا۔9 تا 12 اگست  چار دنوں کے درمیان باؤنڈری کمیشنزنے اپنا کام مکمل کر لیا۔

اسی دوران کمیشنز کی خفیہ رپورٹوں کی نقول کانگریس کی جانب جھکاؤ  رکھنے والے وائسرائے ہندلارڈ ماؤنٹ بیٹن یا ریڈ کلف کے کسی ہندو اسسٹنٹ نے پنڈت نہرو تک پہنچا دیں۔

ان رپورٹوں کی رو سے ضلع فیروزپور اور ضلع گورداس پور پاکستان میں شامل دکھائے گئے تھے۔ان دونوں ہی اضلاع میں مسلمانوں کی آبادی ہندوئوں اور سکھوں سے زیادہ تھی۔ رپورٹیں دیکھ کر پنڈت نہرو اور دیگر کانگریسی لیڈر پریشان ہو گئے۔

ضلع فیروزپور میں فیروز پور ہیڈورکس سے نکلنے والی نہریں پنجاب اور راجھستان کے وسیع رقبے کو سیراب کرتی تھیں۔

یہ ہیڈورکس پاکستان کے قبضے میں چلا جاتا تو کسی بھی نازک صورت حال میں وہ بھارتی علاقوں کا پانی روک کر بھارتی حکومت کو مشکلات میں ڈال سکتا تھا۔

جبکہ ضلع گورداس پور میں بھی مشرقی پنجاب کو سیراب کرنے والی نہروں کے ہیڈورکس واقع تھے۔نیز اسی ضلع کی تحصیل پٹھان کوٹ سے کشمیر کو راستہ جاتا تھا۔

یہ ضلع پاکستان کو مل جاتا تو ریاست کشمیر بھی خودبخود پاکستان میں ضم ہو جاتی۔ریاست کا ہندو راجا بھی کوئی الٹی حرکت نہ کر پاتا۔

یہ خطرات دیکھ کر پنڈٹ نہرو نے ماؤنٹ بیٹن کی بیوی،ایڈوینا کے ذریعے وائسرائے ہند پر زبردست دباؤ ڈالا کہ وہ ریڈکلف کو حکم دے کر دونوں درج بالا اضلاع بھارت میں شامل کرا دے۔

چنانچہ 15 اگست کی رات لارڈ ماؤنٹ بیٹن نے ریڈکلف کو کھانے پر بلا لیا۔اس دعوت میں وائسرائے نے مہمان جج پر شدید دباؤ ڈالا کہ وہ باؤنڈری کمیشنز کی رپورٹیں تبدیل کر دے۔

ریڈکلف دباؤ برداشت نہ کر سکا اور اس نے فیروزپور اور گورداس پور کے اضلاع بھارت میں شامل کر دیے۔

یوں خود کو انصاف پسند،دیانت دار اور حق گو کہنے والے برطانوی لیڈروں نے کھلے عام پاکستان سے دھوکے بازی کی اور اسے نقصان پہنچا یا۔  حالانکہ یہ ملک حال ہی میں وجود میں آیا تھا۔یہ منافق مغربی استعمار کے ظلم اور عالم اسلام سے تعصب کی نمایاں مثال ہے۔

Read Comments