Aaj Logo

اپ ڈیٹ 28 اگست 2023 10:34pm

یکم سے 25 جولائی تک آئیسکو وصولیوں پر کارروائی نہ کرے، اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم دیا ہے کہ اسلام آباد الیکٹر ک سپلائی کمپنی (آئیسکو) یکم جولائی سے 25 جولائی تک کی وصولیوں سے متعلق تادیبی کارروائی نہ کرے۔ دوسری طرف لاہور ہائیکورٹ نے بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف درخواست نیپرا کو بھجواتے ہوئے فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔

بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کے تحت وصولیوں کے خلاف کیس کا تحریری حکم جاری کردیا گیا۔

صنعتکاروں نے 26 جولائی کے بجلی کے بنیادی ٹیرف کو یکم جولائی سے نافذ العمل کرنے کا اقدام چیلنج کیا تھا۔ وکیل وقاص ملک اور طیبہ عباسی نے کیس کی پیروی کی۔

چیف جسٹس عامرفاروق نے 2 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کردیا۔ عدالتی معاونت کیلئے اٹارنی جنرل ، جبکہ وزارت توانائی، آئیسکو اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیا گیا۔

حکم نامہ کے مطابق درخواست گزار کی جانب سے وزارت قانون کے 26 جولائی کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا گیا، 26 جولائی کے نوٹیفکیشن کے مطابق اس کا اطلاق یکم جولائی سے کیا گیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم نامہ میں مزید کہا کہ وکیل کے مطابق قانونی طور پر کسی ایسے نوٹیفکیشن کا اطلاق ماضی پر نہیں ہو سکتا، وکیل کے مطابق 26 جولائی کے نوٹیفکیشن کا اطلاق یکم سے 25 جولائی تک ریکوری نہیں کی جا سکتی۔

بجلی بلوں میں اضافے کیخلاف درخواست پر نیپرا فیصلہ کرے

دوسری طرف لاہور ہائیکورٹ نے بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف درخواست نیپرا کو بھجواتے ہوئے فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس رضا قریشی نے بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

مزید پڑھیں: کراچی: ٹمبر مارکیٹ میں 4 دن سے بجلی غائب، علاقہ مکین سڑکوں پر نکل آئے

درخواست گزار میاں عبدالمتین کے وکیل میاں منیب طارق نے دلائل دئیے کہ پی ٹی وی کی فیس بلاجواز وصول کی جارہی ہے، غلط بل بھجوا کر عوام کے بنیادی حقوق سلب کئے جا رہے ہیں۔

وکیل میاں منیب طارق نے کہا کہ غیر قانونی ٹیکسز اور اوور بلنگ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، عدالت بجلی کے بلوں میں حالیہ اضافہ کالعدم قرار دے۔

عدالت نے درخواست نیپرا کو بھجواتے ہوئے متاثرین کو سن کر فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔

Read Comments