Aaj Logo

شائع 24 ستمبر 2023 06:52pm

میرعلی میں شہید سپاہی شکیل شفقت پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں شہید ہونے والے سپاہی شکیل شفقت کی نمازجنازہ ادا کردی گئی، شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میر علی میں سپاہی شکیل شفقت بہادری سے دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوگئے تھے۔

شہید کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں کبیروالا ضلع خانیوال میں ادا کی گئی۔

نمازجنازہ میں عسکری و سول حکام، شہید کے عزیز و اقارب اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

شہید شکیل شفقت کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران پاک فوج کے سپاہی شکیل شفقت بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، دہشت گردوں کی فائرنگ سے سپاہی شکیل شفقت نے جام شہادت نوش کیا، جن کی عمر 21 سال اور تعلق ساکن ڈسٹرکٹ خانیوال سے ہے۔

گزشتہ روز آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے علاقے کی صفائی کی جا رہی ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

Read Comments