سندھ پولیس کی ای ٹکٹنگ دیگر شہروں میں متعارف کرانے کی تیاری
کراچی میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فیس لیس ای ٹکٹنگ کے نظام کو دیگر شہروں میں بھی جلد متعارف کرایا جائے گا۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ نظام کے بہتر نفاذ کے لیے تمام متعلقہ محکمے اور افسران اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہوں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈی آئی جی ٹریفک، آئی ٹی اور ڈویژنل ڈی آئی جیز کو واضح ذمہ داریاں تفویض کی جائیں گی تاکہ نظام کی شفاف اور مؤثر شروعات ممکن ہو۔ ڈی آئی جی سہولت سینٹرز کے قیام سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کریں گے اور شہریوں کو آسان رسائی یقینی بنائیں گے۔
اجلاس میں پارکنگ لین کی خلاف ورزی کی زمینی اور فضائی اسکیننگ، اور نو پارکنگ پر موجود گاڑیوں کے خلاف ڈرونز کے ذریعے ای چالان جاری کرنے کے منصوبے پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں یہ بات بھی طے ہوئی کہ نئے نظام کے آغاز سے پہلے اب تک جاری ہونے والے تقریباً 90 فیصد ای چالان معاف کر دیے جائیں گے تاکہ شہریوں پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔
کراچی میں ای چالان نے اسپیڈ پکڑ لی، 4 دن میں 18 ہزار شہریوں کو جرمانے
شرکاء نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ تیاریاں مکمل ہونے کے بعد فیس لیس ای ٹکٹنگ کا آغاز کیا جائے گا اور تمام متعلقہ محکمے اس کی نگرانی کریں گے تاکہ نظام کی شفافیت اور مؤثریت برقرار رہے۔
کراچی میں چالان کرنے والے روبوٹ لانے کی تیاری، گڑھوں اور چرسیوں سے اُنہیں کون بچائے گا؟
اجلاس میں ای ٹکٹنگ کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور عملی اقدامات کے منصوبے مرتب کیے گئے تاکہ شہریوں کے لیے جدید اور آسان ٹریفک نظام فراہم کیا جا سکے۔