میسی کی جلد روانگی پر کولکتہ اسٹیڈیم میں ہنگامہ، ایونٹ آرگنائزر گرفتار، مقدمہ درج
ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبال اسٹار لیونل میسی کی بھارتی شہر کولکتہ میں ’گوٹ ٹور‘ کے تحت منعقدہ تقریب میں شدید بدنظمی اور ہنگامہ آرائی کے بعد پولیس نے ایونٹ کے آرگنائزرز کو گرفتار کرلیا ہے۔ مغربی بنگال کی وزیرِ اعلیٰ ممتا بینرجی نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لیونل میسی اور شائقین سے معذرت کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کولکتہ اسٹیڈیم میں میسی کی تقریب میں بدنطمی کے بعد پولیس نے ایونٹ کے آرگنائزر ستدرو دتہ کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آرگنائزر کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور بدانتظامی کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق منتظمین کی جانب سے شائقین کو ٹکٹوں کی رقم واپس کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے، تاہم اس کے طریقۂ کار کا جائزہ لیا جا رہا ہے
ہفتے کے روز کولکتہ میں یووا بھارتی کریرنگن (سالٹ لیک اسٹیڈیم) میں منعقد ہونے والی تقریب اس وقت شدید بدنظمی کا شکار ہو گئی جب شائقین کو معلوم ہوا کہ میسی صرف چند منٹ کے لیے اسٹیڈیم میں موجود رہیں گے۔
اس ایونٹ کے لیے ٹکٹوں کی قیمت 5 ہزار سے 25 ہزار بھارتی روپے تک تھی، تاہم متعدد شائقین نے الزام عائد کیا کہ سخت سیکیورٹی حصار اور دیگر مہمانوں کی موجودگی کے باعث وہ اسٹینڈز سے میسی کو واضح طور پر دیکھ ہی نہیں سکے۔
پروٹوکول اور سخت سیکیورٹی کے باعث مداحوں کو میسی کو دیکھنے میں دشواری کا سامنا رہنا جس پر شائقین مشتعل ہوگئے اور انہوں نے بوتلیں اور کرسیاں اسٹیڈیم میں پھینکنا شروع کر دی۔
ہنگامہ آرائی شروع ہوتے ہی منتظمین فوری طور پر لیونل میسی کو سخت سیکیورٹی میں اسٹیڈیم سے باہر لے گئے۔ میسی کے جاتے ہی صورت حال اس قدر خراب ہو گئی کہ ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے پولیس اور ریپڈ ایکشن فورس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا۔
لیونل میسی بھارتی وقت کے مطابق صبح 11 بج کر 15 منٹ پر اسٹیڈیم پہنچے اور تقریباً 20 منٹ تک وہاں موجود رہے۔ انہیں پورے اسٹیڈیم کا چکر لگانا تھا، تاہم ہنگامے کے باعث یہ پروگرام مکمل نہ ہو سکا۔ بدنظمی کے باعث بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان، سابق بھارتی کپتان سورو گنگولی اور مغربی بنگال کی وزیرِ اعلیٰ ممتا بینرجی بھی تقریب کا حصہ نہ بن سکے۔
اُدھر مغربی بنگال کی وزیرِ اعلیٰ ممتا بینرجی نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لیونل میسی اور شائقین سے معذرت کی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ وہ سالٹ لیک اسٹیڈیم میں پیش آنے والی بدانتظامی پر شدید صدمے میں ہیں۔
ممتا بینرجی نے اعلان کیا کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی قائم کی جا رہی ہے، جو ذمہ داران کا تعین کرے گی اور آئندہ ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے سفارشات پیش کرے گی۔
یہ میسی کا 2011 کے بعد بھارت کا پہلا دورہ ہے۔ اس سے قبل انہوں نے اسی اسٹیڈیم میں ارجنٹینا اور وینزویلا کے درمیان ایک دوستانہ میچ کھیلا تھا، جس میں ارجنٹینا نے ایک صفر سے فتح حاصل کی تھی۔