شائع 22 دسمبر 2025 09:10pm

کراچی: لانڈھی کی فیکٹری میں لگی آگ پر 5 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا

کراچی کے ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں استعمال شدہ کپڑوں کی فیکٹری میں لگنے والی آگ پر بڑی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آتشزدگی کےباعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، اس وقت کولنگ کا عمل جاری ہے۔

کراچی کے علاقے لانڈھی میں واقع ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں استعمال شدہ کپڑوں کی فیکٹری میں لگنے والی آگ بڑی حد تک بجھا دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق چند ہی گھنٹوں میں آگ پر مکمل قابو پالیا جائے گا۔

ریسکیو حکام کے مطابق آگ نجی کمپنی کی دوسری منزل پر لگی، خوش قسمتی سے آتشزدگی کے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ حکام کا کہنا ہے کہ فیکٹری کی چھٹی ہوجانے کے باعث تمام ملازمین گھروں کو جا چکے تھے۔

فائر افسر ظفر خان کے مطابق انہیں شام 4 بجے آگ لگنے کی اطلاع ملی، فائر فائٹنگ آپریشن میں 15 سے زائد فائر ٹینڈرز اور 2 اسنارکلز نے حصہ لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک جام کے باعث گاڑیوں کو پہنچنے میں وقت لگا، بروقت کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے آگ پھیلتی چلی گئی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ رواں سال ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں آتشزدگی کے 7 سے زائد واقعات رونما ہوئے، جس کے نتیجے میں چار فیکٹریاں زمین بوس بھی ہوچکی ہیں۔

دوسری جانب لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کے ترجمان ملک عبدالعزیزکا کہنا ہے کہ رواں سال بدقسمتی سے اس زون میں آتشزدگی کے بڑے واقعات رونما ہوئے، جس کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ زون میں بیک وقت چار فائر ٹینڈرز موجود ہوتے ہیں۔ ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے کے لیے فیکٹری مالکان کو نوٹس دیں گے اور عمل نہ کرنے والے مالکان کا لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا۔

اس سے قبل رواں ماہ کے شروع میں بھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کپڑے کی فیکٹری میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔ جسے فائر بریگیڈ حکام کی جانب سے تیسرے درجے کی آگ قرار دیا گیا تھا۔ آگ کی شدت کے باعث فیکٹری کی عمارت زمیں بوس ہوگئی تھی۔

Read Comments