کراچی: لانڈھی کی ایک اور فیکٹری میں آگ لگ گئی
کراچی کے ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں استعمال شدہ کپڑوں کی فیکٹری میں آگ لگ گئی۔ فائر بریگیڈ کی ٹیمیں آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
کراچی کے علاقے لانڈھی میں واقع ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں استعمال شدہ کپڑوں کی فیکٹری میں آگ لگ گئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ نجی کمپنی کی دوسری منزل پر لگی ہے۔ چھٹی ہوجانے کے باعث تمام ملازمین کمپنی سے جا چکے تھے۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق اس وقت 13 فائر ٹینڈرز اور 2 اسنارکلز آگ بجھانے کے عمل میں مصروف ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر جلد از جلد قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
اس سے قبل رواں ماہ کے شروع میں بھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کپڑے کی فیکٹری میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔ جسے فائر بریگیڈ حکام کی جانب سے تیسرے درجے کی آگ قرار دیا گیا تھا۔ آگ کی شدت کے باعث فیکٹری کی عمارت زمیں بوس ہوگئی تھی۔
















