اپ ڈیٹ 26 دسمبر 2025 06:20pm

یو اے ای کے صدر مختصر دورے کے بعد روانہ، صدر، وزیراعظم اور دیگر سے ملاقاتیں

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے دورہ پاکستان کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت دیگر سے ملاقاتیں کیں، جس میں مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔

شیخ محمد بن زاید النہیان جمعے کو راولپنڈی کے نور خان ایئر بیس پہنچے تو اس موقع پر وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے ان کا استقبال کیا۔

مہمان صدر نے مختصر دورے کے دوران وزیراعظم ، صدر اور فیلڈ مارشل سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ جس میں باہمی دلچسپی کے امور زیرِ بحث آئے۔ ملاقات میں علاقائی صورتِ حال، بین الاقوامی معاملات اور دوطرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق دونوں ملکوں کی اعلیٰ شخصیات کے درمیان ہونے والی اس ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، خطے کی صورت حال اور علاقائی استحکام سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے۔

معزز مہمان کی آمد پر اسلام آباد میں جمعے کو عام تعطیل رہی اور پاکستان سیکرٹریٹ سمیت تمام وفاقی ادارے بند رہے۔

قبل ازیں مہمان صدر کا طیارہ جوں ہی پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوا تو جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے انہیں سلامی دی۔ نور خان ایئر بیس پر لینڈنگ کے بعد انہیں 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔

شیخ محمد بن زاید النہیان اپنے طیارے سے باہر آئے تو وزیراعظم محمد شہباز شریف اورفیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ان سے گرمجوشی سے مصافحہ کیا جب کہ روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے یو اے ای کے صدر کو پھول پیش کیے۔

اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان اور وزیراعظم کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ بعدازاں متحدہ امارات کے صدر اسلام آباد کا دورہ مکمل کر کے واپس روانہ ہوگئے۔

Read Comments