پاکستان میں سونے کی قیمت میں اچانک ہزاروں روپے کا بڑا اضافہ
ملک بھر میں سونے کی قیمت میں ایک روز کی کمی کے بعد دوبارہ بڑا اضافہ ہوگیا ہے، سونے اور چاندی کی قیمتوں نے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔
عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتیں تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج فی تولہ سونا 9 ہزار 100 روپے مہنگا ہوا، جس کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت 5 لاکھ 14 ہزار 662 روپے پر ہوگئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی 7 ہزار 802 روپے کے اضافے سے 4 لاکھ 41 ہزار 239 روپے پر پہنچ گئی ہے۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت یکدم 91 ڈالر کے بڑے اضافے سے 4 ہزار 923 ڈالر کی نئی بلند سطح پر آگئی ہے۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا، جس سے پاکستان میں فی تولہ چاندی کی قیمت 372 روپے بڑھ کر 275 روپے ہو گئی ہے جب کہ 10 گرام چاندی کی قیمت 319 روپے کے اضافے سے 8 ہزار 809 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سونے کی فی تولہ قیمت میں 800 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت میں 686 روپے کمی ہوئی تھی، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 5 لاکھ 5 ہزار 562 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 4 لاکھ 33 ہزار 437 روپے ہوگئی تھے۔
اس سے قبل 21 جنوری کو عالمی مارکیٹ کے زیراثر پاکستان میں ایک دن میں سونے کی قیمت میں تاریخ کا سب سے بڑا اضافہ ہوا تھا، جس کے بعد ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت 5 لاکھ روپے سے تجاوز کرگئی تھی۔
جہاں فی تولہ سونے کی قیمت 12 ہزار 700 روپے کے بڑے اضافے سے پہلی بار 5 لاکھ 6 ہزار 362 روپے کی نئی بلند سطح پر آگئی تھی جب کہ 10 گرام سونے کی قیمت بھی 10 ہزار 888 روپے بڑھ کر 4 لاکھ 34 ہزار 123 روپے ہوگئی تھی۔
ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور کرنسی کے اثرات نے مقامی قیمتوں کو بھی بلند سطح تک پہنچا دیا ہے۔