کراچی: تین ہٹی کے قریب گھر میں گیس لیکیج سے دھماکا، 10 افراد زخمی
کراچی کے علاقے تین ہٹی کے قریب ایک گھر میں گیس لیکیج کے باعث دھماکا ہونے سے 10 افراد زخمی ہو گئے، جبکہ گھر کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں تین ہٹی کے قریب واقع ایک گھر کی تیسری منزل میں گیس بھر جانے کے بعد زور دار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں گھر کی دیوار ٹوٹ گئی اور ملبہ گرنے سے کئی افراد زخمی ہو گئے۔
اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو نکال کر قریبی اسپتال منتقل کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ملبہ ہٹانے کا کام بھی کیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر دھماکے کی وجہ گیس لیکیج بتائی جا رہی ہے، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
