پی ایس ایل 11: کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 14 رنز سے ہرا دیا

معین علی کی جارحانہ اننگز اور حسن علی کی تباہ کُن بولنگ نے کراچی کنگز کی فتح میں اہم کردار کیا۔
شائع 27 مارچ 2026 10:51pm

کراچی کنگز نے دلچسپ مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے دی۔ معین علی کی جارحانہ اننگز اور حسن علی کی تباہ کُن بولنگ نے کراچی کنگز کی فتح میں اہم کردار کیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے رواں سیزن کے دوسرے میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے کے ملا۔

کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 181 رنز کا ہدف دیا۔ کراچی کنگز کی پہلی وکٹ صرف تین رنز پر گری۔ سلمان علی آغا نے کپتان ڈیوڈ وارنر کے ساتھ مل کر 41 رنز کی شراکت داری قائم کی تاہم چوتھے اوور میں وہ بھی ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

کپتان ڈیوڈ وارنر نے 35 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ سعد بیگ 30، سلمان آغا 22 اور اعظم خان 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ معین علی نے خوشدل شاہ کے ساتھ چھٹی وکٹ پر 39 رنز کی شراکت قائم کی۔ 17ویں اوور میں خوشدل بھی 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

معین علی نے 29 گیندوں پر 48 رنز کی شاندار ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس میں چار چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے احمد دانیال نے تین وکٹیں حاصل کیں، الزاری جوزف نے دو جبکہ عثمان طارق اور ابرار احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز نے دوسری اننگز میں جارحانہ انداز میں ہدف کا تعاقب شروع کیا تاہم مقررہ اوورز میں سات وکٹ کے نقصان پر 167 رنز ہی بنا سکی۔

کپتان سعود شکیل اور شمائل حسین کی اوپننگ جوڑی نے نے 79 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ سعود شکیل 33 اور شمائل حسین 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

رلی روسو اور بین میکڈرمٹ نے 25، 25 رنز اسکور کیے جب کہ حسن نواز 19 اور خواجہ نافع 3 رنز بنا سکے۔

اس سیزن میں کراچی کنگز کی قیادت آسٹریلوی اسٹار ڈیوڈ وارنر کر رہے ہیں جبکہ ٹیم میں محمد وسیم، سلمان علی آغا، سعد بیگ، معین علی، اعظم خان، خوشدل شاہ، شاہد عزیز، حسن علی، ایڈم زمپا اور میر حمزہ شامل ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے رواں سیزن سعود شکیل کو کپتان مقرر کیا ہے جب کہ ٹیم میں شمیل حسین، ریلی روسو، حسن نواز، خواجہ نافع، بین میکڈرموٹ، ٹام کرن، احمد دانیال، الزاری جوزف، ابرار احمد اور عثمان طارق شامل ہیں۔

دونوں ٹیموں پی ایس ایل کی تاریخ میں اب تک 20 مرتبہ آمنے سامنے آئی ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 13 جب کہ کراچی کنگز نے 7 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔ دونوں ٹیموں کا آخری مرتبہ قذافی اسٹیڈیم میں ٹاکرا ہوا تھا جہاں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

گزشتہ سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہی تھی جب کہ کراچی کنگز پلے آف مرحلے میں ہی باہر ہو گئی تھی۔

Read Comments