معین علی کی دھواں دار اننگز؛ کراچی کنگز کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 181 رنز کا ہدف
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کا دوسرا میچ آج کھیلا جارہا ہے، جس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز آمنے سامنے ہیں۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں جاری میچ میں کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 181 رنز کا ہدف دیا ہے۔
گلیڈی ایٹرز نے پہلے ہی اوور محمد وسیم کو صرف تین رنز پر آؤٹ کر کے کراچی کنگز کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی۔ سلمان علی آغا نے کپتان ڈیوڈ وارنر کے ساتھ مل کر 41 رنز کی شراکت داری قائم کی تاہم چوتھے اوور میں وہ بھی ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
کپتان ڈیوڈ وارنر 35، سعد بیگ 30 اور سلمان آغا 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ چودہویں اوور میں 109 رنز کے مجموعی اسکور پر اعظم خان کی صورت میں کراچی کنگز کو پانچواں نقصان اٹھانا پڑا۔
اس موقع پر معین علی نے خوشدل شاہ کے ساتھ چھٹی وکٹ کے لیے 39 رنز کی شراکت قائم کی۔ خوشدل 12 رنز بنا کر 17ویں اوور میں پویلین لوٹ گئے۔
معین علی نے 29 گیندوں پر 48 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھانے میں اہم کردار کیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے احمد دانیال نے تین وکٹیں حاصل کیں، الزاری جوزف نے دو جبکہ عثمان طارق اور ابرار احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سیزن میں کراچی کنگز کی قیادت آسٹریلوی اسٹار ڈیوڈ وارنر کر رہے ہیں جبکہ ٹیم میں محمد وسیم، سلمان علی آغا، سعد بیگ، معین علی، اعظم خان، خوشدل شاہ، شاہد عزیز، حسن علی، ایڈم زمپا اور میر حمزہ شامل ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے رواں سیزن سعود شکیل کو کپتان مقرر کیا ہے جب کہ ٹیم میں شمیل حسین، ریلی روسو، حسن نواز، خواجہ نافع، بین میکڈرموٹ، ٹام کرن، احمد دانیال، الزاری جوزف، ابرار احمد اور عثمان طارق شامل ہیں۔
دونوں ٹیموں پی ایس ایل کی تاریخ میں اب تک 20 مرتبہ آمنے سامنے آئی ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 13 جب کہ کراچی کنگز نے 7 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔ دونوں ٹیموں کا آخری مرتبہ قذافی اسٹیڈیم میں ٹاکرا ہوا تھا جہاں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔
گزشتہ سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہی تھی جب کہ کراچی کنگز پلے آف مرحلے میں ہی باہر ہو گئی تھی۔
















