ایرانی حملوں کے دوران برج خلیفہ پر بجلی گرنے کی ویڈیو وائرل
دبئی کے آسمان پر قدرت کا ایک سحر انگیز نظارہ اُس وقت دیکھنے کو ملا جب آسمانی بجلی برج خلیفہ کی چوٹی سے ٹکرائی اور اس کے مناظر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئے۔
سوشل میڈیا پر جمعہ کی رات کی ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے، جس میں شدید بارش اور طوفان کے دوران بجلی کو برج خلیفہ کی چوٹی پر گرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں بجلی کی چمک واضح طور پر نظر آتی ہے، جسے دیکھ کر صارفین حیران رہ گئے اور انٹرنیٹ پر ایک نئی بحث بھی شروع ہو گئی۔
تاہم خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ماہرین کے مطابق برج خلیفہ پر بجلی گرنا اس کی غیر معمولی بلندی کا نتیجہ ہے۔ سائنسی طور پر بلند عمارتیں بجلی کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہیں کیونکہ وہ بادلوں کے برقی چارج کے قریب ہوتی ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اتنی شدید بجلی گرنے کے باوجود عمارت مکمل طور پر محفوظ رہتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ برج خلیفہ کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا گیا ہے، جس میں ایک طاقتور لائٹننگ راڈ شامل ہے جو بجلی کو اپنی طرف کھینچ کر محفوظ طریقے سے زمین میں منتقل کر دیتا ہے۔
یہ نظام نہ صرف عمارت بلکہ اردگرد کے علاقوں کو بھی نقصان سے بچاتا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب دبئی، ابوظہبی اور شارجہ میں طوفانی موسم کے باعث گرج چمک اور بارش میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں ایک غیر معمولی موسمی نظام نے متحدہ عرب امارات سمیت پورے خطے کو متاثر کیا ہے، جس کے باعث تیز ہواؤں، موسلا دھار بارش اور ژالہ باری نے معمولات زندگی کو متاثر کیا۔
اس کے علاوہ، یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب خلیجی خطہ پہلے ہی کشیدگی کا شکار ہے۔
ماضی میں سوشل میڈیا پر برج خلیفہ کے قریب دھماکوں اور دھوئیں کی ویڈیوز بھی سامنے آ چکی ہیں، جس کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت بعض اوقات ایئرپورٹس کو عارضی طور پر بند کرنا پڑا۔